امام الحق نے کپل دیو کا 36 سال پرانا ریکارڈ توڑ دیا

May 17, 2019

برسٹل(این این آئی) قومی کرکٹ ٹیم کے اوپنر امام الحق نے انگلینڈ میں سابق بھارتی کرکٹر کپل دیو کا 36 سال پرانا ریکارڈ توڑ دیا۔امام الحق نے انگلینڈ کیخلاف تیسرے ایک روزہ میچ میں شاندار اننگز کھیلی اور 131 گیندوں پر ایک چھکے اور 16 چوکوں کی مدد سے 151 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔امام الحق انگلش سرزمین پر ون ڈے اننگز میں 150 رنز بنانے والے کم عمر ترین کھلاڑی بن گئے ہیں اور انہوں نے یہ کارنامہ 23سال 153 دن کی عمر میں سرانجام دیا ہے۔ سابق بھارتی کپتان کپل دیو نے 1983میں 24سال 163دن کی عمر میں زمبابوے کیخلاف 175رنز کی اننگز کھیلی تھی۔ امام الحق نے ایک اور تاریخ بھی رقم کی ہے اور وہ انگلینڈ کے خلاف ایک روزہ میچز میں سب سے بڑی انفرادی اننگز کھیلنے والے پاکستانی بھی بن گئے ہیں،اس سے قبل یہ اعزاز فخر زمان کے پاس تھا جنہوں نے 138رنز کی اننگز کھیلی تھی۔فخر زمان نے یہ اعزاز انگلینڈ کے خلاف جاری سیریز کے دوسرے میچ میں حاصل کیا تھا۔ فخر زمان نے 20 برس بعد اعجاز احمد کا ریکارڈ توڑا تھا تاہم اگلے ہی میچ میں امام الحق نے یہ ریکارڈ فخر زمان سے چھین لیا۔ ماضی کے اسٹار بیٹسمین اعجاز احمد نے 1999میں انگلینڈ کے خلاف 137رنز بنائے تھے جب کہ 1987میں جاوید میانداد نے 113 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔