چیئرمین نیب سے کہا تاجر،بیوروکریسی میں خوف ختم کریں،صدرمملکت

May 17, 2019

کراچی (ٹی وی رپورٹ) صدرِ پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ چیئرمین نیب سے کہا ہے کہ بزنس کمیونٹی اور بیوروکریسی میں خوف کی کیفیت کو ختم کریں تاکہ لوگوں کو تسلی ہو کہ بے جا نہیں پکڑے جائیں گے،میرے دروازے ساری اپوزیشن کے لئے کھلے ہیں،پاکستان پر سخت وقت یقینا ہے حکومت کو کوشش کرنی چاہیے کہ اس کا اثر غریب طبقے پر نہ ہو اور اگر ہو بھی تو کم سے کم ہو،ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ میں پی ٹی آئی کا فعال رکن نہیں ہوں کیوں کہ اس عہدہ کا مطالبہ ہے کہ غیر جانبدار شخص بیٹھے کسی پارٹی سے اُس کا تعلق نہ ہو اسی وجہ سے استعفیٰ بھی دے دیا لیکن ظاہر ہے بائیس سال جس پارٹی کے ساتھ جدوجہد کی اس پارٹی کا جو پاکستان کے لئے ویژن ہے وہ میں شیئر کرتا ہوں۔پارٹی کا ویژن تھا عمران خان سب سے زیادہ فکر مند کرپشن کے حوالے سے تھے ہمارا یہ خیال تھا کہ بہت ساری چیزوں کا تعلق کرپشن سے ہے اس کے بعد گڈ گورننس بہت سی چیزیں آسان لگتی تھیں بہت ساری چیزوں لگتا تھا کہ قوم ایک دفعہ فیصلہ کر لے تو پوری ہوجائیں گی اب یہ احساس ہوتا ہے کہ کرپشن اتنا دیمک کی طرح گھس گیا ہے۔