ڈاکٹروں کے جائز مطالبات تسلیم کرلیے، بلیک میل نہیں ہوں گے، شوکت یوسفزئی

May 19, 2019

خیبرپختونخوا کے وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ حکومت کسی صورت میں بلیک میل نہیں ہوگی، ڈاکٹروں کے تمام جائز مطالبات تسلیم کر لیے ہیں مزید بھی اگر ان کے کچھ مطالبات ہیں تو اس پر بھی بات چیت کے لیے تیار ہیں۔

ایک بیان میں شوکت یوسفزئی نے کہا کہ حکومت محاذ آرائی نہیں چاہتی تاہم ہڑتال کی آڑ میں غریب عوام کو زیادہ دیر تک صحت کی سہولیات سے محروم نہیں رکھ سکتے، گڑبڑ کرنے والے پچاس ڈاکٹروں کو شوکاز نوٹس جاری کردیے گئے ہیں جبکہ مزید کے خلاف بھی کارروائی ہورہی ہے۔

انہوںنے کہا کہ پرامن احتجاج کی اجازت دیتے ہیں مگر سرکاری اسپتالوں میں زبردستی گھس کر او پی ڈی بند کرنے اور غریب مریضوں کو صحت کی سہولیات سے دور رکھنے کی اجازت نہیں دیں گے۔

شوکت یوسفزئی نے کہا کہ وزیر اعلیٰ نے ڈاکٹروں کے نمائندوں کو 21 مئی کو بات چیت کے لئے بلایا ہے اس سے پہلے بھی اگر ڈاکٹر برادری چاہتی ہے کہ ان کے مسائل پر بات ہو تو ہم تیار ہیں۔

وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ بنیادی طور پر جو ریفارمز حکومت لانا چاہتی ہے جس میں غریب آدمی کو صحت کی سہولیات دینے ہیں جہاں صحت کی سہولیات کی کمی ہے ہم چاہتے ہیں کہ وہاں ڈاکٹر پہنچائیں یہ اس کی مخالفت ہو رہی ہے۔

انہوںنے مزید کہا کہ ڈاکٹروں کے تمام بڑے بڑے مطالبات تھے وہ صوبائی حکومت مان چکی ہے ۔