بلاول بھٹو کا افطار ڈنر، اپوزیشن جماعتوں کی بیٹھک

May 19, 2019

پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی دعوت پر شہر اقتدار میں افطار ڈنر پر اپوزیشن جماعتیں اکٹھی ہوگئیں۔

زرداری ہائوس اسلام آباد میں اپوزیشن جماعتوں کے افطار ڈنر میں مسلم لیگ ن، جمعیت علمائے اسلام (ف)، جماعت اسلامی،اے این پی اور پی ٹی ایم کی قیادت نے شرکت کی۔

Your browser doesnt support HTML5 video.


دو بڑی اپوزیشن جماعتوں کی طرف سے افطار میں سابق صدر آصف علی زرداری، میزبان بلاول بھٹو زرداری، سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی، خورشید شاہ،نیئر بخاری، سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، مریم نواز، حمزہ شہباز، ایاز صادق، مریم اورنگزیب موجود تھے۔

افطار ڈنر جماعت اسلامی کے وفد کی قیادت نائب امیر لیاقت بلوچ نے کی جبکہ اے این پی کے میاں افتخار،قومی وطن پارٹی کے آفتاب شیر پائو، حاصل بزنجو، جہانزیب جمالدینی،پی ٹی ایم کے محسن داوڑاور علی وزیر بھی شریک ہوئے۔

ذرائع کے مطابق افطار ڈنر میں مریم نواز اور بلاول بھٹو کی ون آن ون ملاقات طے نہیں ہے۔

پشتون خواملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے بلاول بھٹو کے افطار ڈنر میں شریک ہونا تھا لیکن ان کی فلائٹ چھوٹ گئی جس کے باعث تقریب میں ان کی جگہ سینیٹر عثمان شریک ہوئے۔

ذرائع کے مطابق اپوزیشن کی افطار ڈنرمیں شریک تمام رہنما وزیراعظم عمران خان کی حکومت کے خلاف آئندہ کی حکمت عملی طے کریں گے۔

ذرائع کے مطابق یہ سیاسی افطار پارٹی اپوزیشن کی آئندہ کی حکمت عملی اور سمت کا تعین کرے گی،پیپلز پارٹی اور ن لیگ پہلے ہی عید کے بعد حکومت کے خلاف سڑکوں پر آنے کا اشارہ دے چکی ہیں۔

پی ٹی آئی حکومت کے خلاف جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن بھی کافی متحرک ہیں، وہ اس حوالے سے سابق صدر آصف علی زرداری اور سابق وزیراعظم نواز شریف سے رابطے کرچکے ہیں۔