انگلینڈ نے پانچویں ون ڈے کے ساتھ سیریز بھی جیت لی

May 19, 2019

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ہیڈنگلے کارنیگی میں کھیلے جانے والے پانچویں اور آخری ایک روزہ میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو 54 رنز سے ہرا کر سیریز چار صفر سے جیت لی۔انگلش پیسر کرس ووکس کو انکی شاندار بولنگ پرفارمنس کی وجہ سے میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

واضح رہے کہ پہلا میچ بارش کی وجہ سے بے نتیجہ رہا تھا۔جس کے بعد کھیلے جانے والے چاروں میچ میں انگلش ٹیم نے پاکستان کو شکست سے دوچار کیا۔

آج انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور نو وکٹوں پر 351رنز بناکر پاکستان کو جیت کے لیے 352رنز کا ہدف دیا۔ تاہم پاکستان کی ٹیم ابتدا ہی سے مشکل کا شکار رہی اور انگلش بولروں کا مقابلہ کرنے میں ناکام رہی۔اور پاکستان کی پوری ٹیم 46.5اوورز میں 297رنز بناکر ڈھیر ہوگئی۔

پاکستان کی اننگز کا آغاز انتہائی تباہ کن انداز میں ہوا اوراس کے صف اول کے تین بیٹسمین صرف 6کے اسکور پرتیسرے اوور میں پویلین لوٹ گئے۔ تاہم اس موقع پر کپتان سرفراز احمد 97اور بابر اعظم 80کی شاندار اور ذمہ دارانہ بیٹنگ کے باعث گرین شرٹس الیون قابل قدر مجموعہ ترتیب دینےمیں کامیاب رہی۔

پاکستان کے ان دونوں صف اول کے بیٹسمینوں کے درمیان چوتھی وکٹ کے لیے 146رنز کی شراکت قائم ہوئی۔ تاہم اس موقع پر بدنصیبی سے پہلے بابر اعظم جوز بٹلر کے تھرو پر رن آئوٹ ہوئے، اور پھر کچھ دیر بعد کپتان سرفراز بھی رن آئوٹ ہوگئے،جس کے بعد شعیب ملک 4، عماد وسیم 25، آصف علی 22، حسن علی 11 اور محمد حسنین 28رنز بناکر آئوٹ ہوئے۔جبکہ شاہین آفریدی 19رنز بناکر ناٹ آئوٹ رہے۔

آج پاکستان کے کپتان سرفراز احمد نروس نائنٹی کا شکار ہوئے اور وکٹ کیپر بٹلر نے ایک گیند کو اپنے پیرو سے روک کر انھیں رن آئوٹ کردیا۔ابتدائی تین بیٹسمینوں میں فخر زماں اور محمد حفیظ کوئی رن بنائے بغیر جبکہ عابد علی 5 رنز بناکر آئوٹ ہوئے۔

انگلینڈ کی جانب سے کرس ووکس سب سے کامیاب بولر ثابت ہوئے جنھوں نے پانچ وکٹیں اپنے نام کیں۔ انکے علاوہ عادل رشید نے دواور ڈیوڈ ولی نے ایک وکٹ لی۔