سجاد کریم اسلاموفوبیا کیخلاف مؤثر آواز ہیں، حلقہ ارباب ذوق

May 20, 2019

لیورپول(پ ر)جمعرات 23مئی کو ہونیوالے یورپی پارلیمنٹ الیکشن کے حوالے سے انتخابی سرگرمیاں زور شور سے جاری ہیں۔لیکن بریگزٹ Brexit نے ایسا ماحول پیدا کر دیا ہےکہ برطانوی عوام بڑی دو پارٹیوں سے خاصے بیزار نظر آتے ہیں۔حلقہ ارباب ذوق کے ہنگامی اجلاس میں چیئرپرسن محمدانور نے کہا ہے، بڑی پارٹیوں سے بیزار برطانوی قوم جمعرات کو اجتماعی خود کشی کی طرف جا رہی ہے جسکا فائدہ ٹامی رابنسن اورنائیجل فراج جیسے مسلم دشمن امیدواروں کو پہنچے گا۔ مقام حیرت ہے کہ ان نسل پرستوں کا راستہ روکنے کیلئے اقلیتی امیدواربھی کھل کر سامنے نہیں آرہے۔ ماسوائے شمالی انگلستان کے سب سے زیادہ تجربہ کار ایم ای پی ڈاکٹر سجاد حیدر کریم کہ جنہوں نے ریفرنڈم کے وقت سے واشگاف الفاظ میں بتا رکھا ہے کہ برطانیہ کا بہتر مستقبل یوروپین یونین کے اندر ہے۔ انکی پندرہ سالہ جدوجہد اس امر کی غماز ہے کہ انہوں نے نہ صرف یورپ میں بڑھتے ہوئے اسلاموفوبیا کے خلاف ایک مستعد محاذ قائم کیا بلکہ کشمیر فلسطین اور روہنگیا مسلمانوں پر مظالم کیخلاف موثر طور پر آواز اٹھائی۔ سینئر ممبر ولیداللہ شاہ نے کہا کہ انسانی حقوق کے تحفظ کے علاوہ ڈاکٹر سجاد کریم نے یوروپین فنڈز کی مدد سے شمالی انگلستان کے کئی پسماندہ شہروں کی کایا پلٹ کے رکھ دی۔اس کے علاوہ انہوں نے سری لنکا،بنگلہ دیش، پاکستان، جارجیا، آذربائیجان جیسے ترقی پذیرممالک کیلئے یوروپین یونین میں تجارتی مراعات حاصل کیں۔ ڈپٹی چیئرپرسن ڈاکٹر طاہر جاوید نے کہاکہ نسل پرستوں کا راستہ روکنے کیلئے شمالی انگلستان کے اقلیتی ووٹر خاص طور پر مسلمان جمعرات کے دن ووٹ ڈال کر بھرپور عملی مظاہرہ کریں جنرل سیکرٹری روبینہ خان نے خواتین سے اپیل کی ہے کہ اپنے قیمتی ووٹ کا حق ضرور استعمال کریں۔ چوہدری وسیم شوکت،سلیم منا،حاجی ندیم، میجر سعید نے بھرپور تائید کی۔