پاکستانی ورلڈ کپ اسکواڈ کا اعلان، کمزور پڑتی بولنگ کو وہاب، عامر، شاداب کی کمک

May 21, 2019

کراچی (اسٹاف رپورٹر) قومی سلیکشن کمیٹی نے ڈیڑھ ماہ میں دوسری بار ورلڈکپ کرکٹ مشن کے لئے پاکستانی ٹیم کا اعلان کردیا۔ تین سالہ دور میں اپنے آخری اسائنمنٹ کے لئے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے اسکواڈ میں تین تبدیلیاں کی ہیں۔ انگلینڈ کا دورہ کرنے والے اسکواڈ سے فہیم اشرف، جنید خان اور عابد علی ڈراپ جبکہ محمد عامر، وہاب ریاض اور آصف علی کو پندرہ رکنی ٹیم میں شامل کر لیا ہے۔ کمزور پڑتی بولنگ لائن کوتازہ کمک فراہم کی گئی ہے۔ دو سال بعد وہاب ریاض کی قسمت جاگ گئی ہے۔ پاکستانی ٹیم ورلڈ کپ میں اپنا پہلا میچ 31مئی کو ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹرینٹ برج میں کھیلے گی۔ اسپنر شاداب خان کو ورلڈ کپ کے اعلان کردہ ابتدائی اسکواڈ میں شامل کیا گیا تھا تاہم ہیپاٹائٹس کی تشخیص ہونے کی وجہ سے وہ انگلینڈ کے خلاف سیریز نہیں کھیل سکے، وہ بھی فٹ ہوکر واپس آگئے ہیں۔ کپتان سرفراز احمد، شعیب ملک، محمد حفیظ، وہاب ریاض اور حارث سہیل ورلڈ کپ کھیلنے کا تجربہ رکھتے ہیں جبکہ 10 کھلاڑی پہلی بار ورلڈ کپ میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔ انگلینڈ کے خلاف پاکستانی فاسٹ بولروں کی بیٹری ناکام رہی۔ حسن علی، جنید خان،شاہین شاہ آفریدی ،فہیم اشرف اور محمد حسنین کے خلاف انگلش بیٹسمینوں نے رنز کے انبار لگا دیئے۔ چار صفر سے شکست کھانے کے بعد حیران کن طور پر سلیکٹرز نے تجربہ کار محمد عامر اور وہاب ریاض ٹیم میں شامل کیا ہے۔ وہاب ریاض کی واپسی کی خبر سب سے پہلے جمعے کو جنگ نے شائع کی تھی جو سینئر اسٹاف رپورٹر عبدالماجد بھٹی نے بریک کی تھی۔ محمد عامر کی طرح وہاب ریاض کی ٹیم میں شمولیت کو بھی چونکا دینے والا فیصلہ کہا جاسکتا ہے۔ وہاب ریاض نے اپنا آخری ون ڈے انٹرنیشنل چیمپئنز ٹرافی میں بھارت کے خلاف ایجبسٹن میں کھیلا تھا جس میں وہ بولنگ کرتے ہوئے ان فٹ ہو گئے تھے لیکن اس سے قبل وہ آٹھ اعشاریہ چار اوورز میں 87 رنز دے چکے تھے۔ دو دن قبل کراچی میں معین خان اکیڈمی میں کارپوریٹ کپ فائنل میں وہاب ریاض نے چار اوورز میں43رنز دیے تھے۔ چکن پاکس سے صحت یاب ہونے والے محمد عامر دو سال قبل چیمپئنز ٹرافی کے فائنل کے بعد سے14 ون ڈے انٹرنیشنل میچوں میں صرف پانچ وکٹیں حاصل کر پائے ہیں جن میں سے نو میچ ایسے بھی ہیں جب انہیں ایک بھی وکٹ نہیں مل سکی۔ آصف علی بھی فاسٹ بولر عامر کی طرح ابتدائی اسکواڈ میں شامل نہیں تھے تاہم انگلینڈ کے خلاف ساؤتھمپٹن اور برسٹل کے ون ڈے میچوں میں نصف سنچریاں بنا کر کپتان اور کوچ کا اعتماد حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ وہ رواں برس ہی قومی ٹیم کا حصہ بننے والے عابد علی کی جگہ اسکواڈ میں آئے ہیں ۔ جنید خان اور فہیم اشرف کو ون ڈے سیریز کی کارکردگی پر ڈراپ کردیا گیا۔ فہیم اشرف ون ڈے سیریز کے دو میچوں میں وہ صرف ایک وکٹ حاصل کر سکے۔ اس سے قبل آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز کے دو میچوں میں بھی انھیں صرف ایک وکٹ مل سکی تھی۔ وہ رواں سال سات ون ڈے میں صرف دو وکٹیں لے سکے ہیں۔ جنید خان نے بھی انگلینڈ کے خلاف دو ون ڈے میچ کھیلے لیکن غیرموثر اور مہنگے ثابت ہوئے۔ وہاب ریاض کے سلیکشن کے حق میں یہ بات ضرور جاتی ہے کہ رواں برس انھوں نے پی ایس ایل اور پھر پاکستان کپ قومی ون ڈے ٹورنامنٹ میں عمدہ کارکردگی دکھائی ہے۔ پاکستانی کرکٹ ٹیم ورلڈ کپ سے قبل24 مئی کو افغانستان کے خلاف برسٹل اور 26 مئی کو بنگلہ دیش کے خلاف کارڈف میں وارم اپ میچز کھیلے گی ۔ ورلڈ کپ کے لئے ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔ سرفراز احمد ( کپتان )، فخرزمان، امام الحق، بابر اعظم، حارث سہیل، محمد حفیظ، شعیب ملک، عماد وسیم، شاداب خان، حسن علی، آصف علی، محمد عامر، وہاب ریاض، شاہین شاہ آفریدی اور محمد حسنین۔