بھارتی منصوبہ ناکام

May 22, 2019

پاکستان کی جانب سے بھارت کیلئے خیر سگالی کے جذبات اور پائیدار امن کی خواہش کے بار بار اظہار کی ساری دنیا معترف ہے لیکن بھارتی ہٹ دھرمی کا اندازہ اِس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ اُس کی قیادت نے ہمیشہ وہی کیا جو باہمی تعلقات کے منافی ہے۔ پاکستان میں لسانی اور مذہبی نعروں کے ساتھ دہشت گردی سمیت منفی سرگرمیوں میں ملوث عناصر کی تربیت اور مادّی امداد کے لئے عشروں سے بھارت میں کھلم کھلا کیمپ قائم ہیں۔ بھارتی بحریہ کے حاضر سروس افسر کلبھوشن یادیو کی سرکردگی میں پاکستان کے مختلف علاقوں میں دہشت گردی کی کوشش کا خطرناک کھیل بھی ساری دنیا کے سامنے ہے۔ تاریخ میں ایسے افسوسناک واقعات کی کمی نہیں جن کا مقصد مخصوص مفادات کے لئے تعصبات کو ہوا دینا رہا ہے۔ بھارت پاکستان کی امن کی خواہش کو کمزوری سمجھتا ہے مگر ہمارے تمام ادارے پاکستان کی حفاظت اور دشمن کے ہر وار کو ناکام بنانے کے لئےہر لحظہ تیار ہیں۔ اِس کا منہ بولتا ثبوت پاکستانی خفیہ اداروں کی طرف سے بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ کا گلگت بلتستان میں تخریب کاری کا بڑا منصوبہ بے نقاب کرنا ہے۔ پاکستانی خفیہ اداروں کی کامیاب حکمت عملی کے نتیجے میں قوم پرست تنظیم بالاورستان نیشنل فرنٹ( حمید گروپ) کا مقامی گروہ پکڑا گیا۔ اِس گروپ کے 14کارندے گرفتار کر کے اُن سےبڑی تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔ یہ قوم پرست تنظیم بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ کیلئے کام کرتی تھی جس کا ہدف ’را‘ کی اربوں روپے کی فنڈنگ سے ملک کی مختلف یونیورسٹیوں کے نوجوان طلبا کو دہشت گردی کی طرف مائل کرنا تھا۔ تنظیم کے چیئرمین عبدالحمید خان آف غذر کو ’را‘ 1999میں پہلے نیپال اور پھر بھارت لے گئی جہاں وہ ’را‘ ایجنٹس کرنل ارجن اور جوشی کی زیر نگرانی رہا۔ ’را‘ کے سالہا سال سے تشکیل دیئے گئے نیٹ ورک کی ناکامی پاکستانی انٹیلی جنس ایجنسی کی مستعدی کا نتیجہ ہے۔جو دشمن کو واضح پیغام ہے کہ پاکستان امن کا خواہشمند ضرور ہے مگر اپنی سرحدوں کی حفاظت سے غافل نہیںہے۔