پنجاب اور سندھ کے کئی شہروں میں بارش

May 24, 2019

ملک کے مختلف شہروں میں رات گئے تیزہواؤں کےساتھ موسلادھار بارش نے موسم خوشگواربنادیا، لاہور، فیصل آباد، گجرات اور سرگودھا سمیت پنجاب کے متعدد شہروں میں بارش ہوئی۔

سکھر، لاڑکانہ، جیکب آباد اور شکار پور میں طوفانی ہواؤں کےساتھ بارش، سائن بورڈز اور درخت گرگئے جبکہ بلوچستان کے ضلع لورالائی میں شدید ژالہ باری، تفتان کےقریب ایرانی حدود میں حفاظتی بند ٹوٹ گیا، ریلے نے پاکستانی امیگریشن دفاتر اور راہداری گیٹ کو نقصان پہنچایا۔

پنجاب میں منڈی بہاوالدین ، جہلم ، گجرات اور راجن پور میںِ گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی، بارش کے بعد راجن پورمیں کوہ سلیمان کےپہاڑی سلسلے کےندی نالوں میں طغیانی آگئی، فلڈ کنٹرول روم کے مطابق نالےکاہا سلطان سے42 ہزار نالے چھاچھرسے22 سو کیوسک سیلابی ریلہ گزرہاہے۔

سرگودھا، بہاولپور، لودھراں، ملتان اورمظفرگڑھ سمیت مختلف علاقوں بارش،طوفانی ہواؤں اور گرد وغبار کےساتھ بارش ہوئی۔

سیپکوترجمان کے مطابق گوجرانوالہ کے گیپکو ریجن میں متاثرہ فیڈرز پر بجلی بحال کر دی گئی ہے ، جبکہ سیپکو ترجمان کےمطابق سندھ میں طوفانی ہواؤں کے باعث لاڑکانہ شکارپور کندھکوٹ، جیکب آباد، کشمور، گھوٹکی ،میرپور اور روہڑی سمیت مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی متاثر رہی۔

شمالی بلوچستان شدید گردآلود طوفانی ہواؤں کی لپیٹ میں رہا توبہ اچکزئی، توبہ کاکڑی، لورا لائی میں شدید بارش اور ژالہ باری ہوئی جس سےندی نالوں میں طغیانی آگئی، لورالائی کے پہاڑی ندی نالوں میں سیلابی ریلے سے لورالائی ڈی جی خان شاہراہ پر آمد و رفت بھی متاثر ہے۔

تفتان میں ایرانی حدود کی جانب سے ایک حفاظتی بند ٹوٹ گیا جس سے پانی کا ریلہ تفتان میں داخل ہوگیا۔

ایف آئی اے حکام کے مطابق ریلے نے پاسپورٹ امیگریشن کے دفاتر اور راہداری گیٹ کو شدید نقصان پہنچایا۔ پاک ایران ریلوے ٹریک بھی متاثر ہوا ٹریک سیلابی مٹی میں دھنس گئے۔

چاغی اور مل میں سیلاب نے تربوز اور خربوز کے فصلات کو شدید نقصان پہنچایا۔ تاہم شمالی وزیرستان کے مختلف علاقوں میں گرج و چمک کے ساتھ بارش نےموسم خوشگواربنادیا ہے۔