ماضی کے صاف ستھرے شہر کا وقار بحال کرنا چاہتے ہیں،میئر کراچی

May 25, 2019

کراچی( اسٹاف رپورٹر)میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ ماضی میں مرکز اسلامی میں شادی ہال بن چکے تھے ہم نے قبضہ ختم کرا کر اسلامی کلچر سینٹر کے طور پر قرآنی آیات کی نمائش سے اس کا افتتاح کر دیا ہے، کراچی دنیا کے صاف ستھرے اور خوبصورت شہروں میں سے ایک تھا ہماری کوشش ہے کہ اس کا وہی وقار بحال ہو، اس کوشش میں فن کاروں اور آرٹسٹوں کا اہم کردار ہے، بلدیہ عظمی کراچی اپنے آرٹسٹوں کے اشتراک سے کراچی کو خوبصورت بنانے کی ہر ممکن کوشش کرے گی، ان خیالات کا اظہار انہوں نے فیڈرل بی ایریا مرکز اسلامی میں معروف مجسمہ سازاور خطاط انجم ایاز کے بنائے ہوئے خطاطی کے فن پاروں اور مجسموں کی نمائش کا افتتاح کرنے کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا،اس موقع پر چیئرمین باغات کمیٹی خرم فرحان، میٹروپولیٹن کمشنر ڈاکٹر سید سیف الرحمن، آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے سیکرٹری پروفیسر اعجاز فاروقی،سینئر ڈائریکٹر اسپورٹس اینڈ ریکریشن ریحان خان اور دیگر بھی موجود تھے۔