چیئرمین نیب کی مبینہ ویڈیو کا فرانزک ٹیسٹ، تحقیقات کیلئے پارلیمانی کمیٹی بنائی جائے، ن لیگ، پیپلز پارٹی

May 25, 2019

اسلام آباد/لاہور(مانیٹرنگ سیل)مسلم لیگ (ن) نے چیئرمین نیب جسٹس(ر) جاوید اقبال کی مبینہ ویڈیو کی تحقیقات کیلئے پارلیمانی کمیٹی بنانے جبکہ پیپلز پارٹی نے چیئرمین نیب کی ویڈیو کا ایف آئی اے سے فرانزک ٹیسٹ کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔مسلم لیگ (ن) کے سینئر نائب صدر شاہد خاقان عباسی کا اسلام آباد میں دیگر رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ہمیں انصاف نہیں ملا لیکن ہم چاہتے ہیں چیئرمین نیب کو انصاف ملے، انہیں بلیک میل کیا جارہا ہے، ان پر اپوزیشن کے خلاف کارروائی کے لیے دباؤ ڈالا جارہا ہے۔پہلے دن سے نیب کے بارے میں تحفظات ہیں کہ حکومت نیب کو استعمال کر رہی ہے۔دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر کہا ہے کہ پارلیمانی کمیٹی بنائی جائے جو وزیراعظم اور چیئرمین نیب سے سوالوں کے جواب لے۔دریں اثنا ماڈل ٹاؤن لاہور میں پاکستان پیپلز پارٹی آفس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سینیٹر اعتزاز احسن کا کہنا تھا کہ چیئرمین نیب کی مبینہ ویڈیو سامنے آنے سے ان کی اخلاقی پوزیشن خراب ہوئی ہے لیکن ان کی قانونی پوزیشن پر کوئی فرق نہیں پڑا۔