ہیوی وہیکلز کا دن میں داخلہ جان لیوا حادثات کی وجہ ہے،ریحان ہاشمی

May 27, 2019

کراچی (اسٹاف رپورٹر)چیئرمین بلدیہ وسطی ریحان ہاشمی نے گزشتہ ایک ہفتے کے دوران ضلع وسطی میں مسلسل ہونے والے ٹریفک
حادثات پر اظہار تشویش کیا ہے. انہوں نے کہا کہ ہیوی ٹریفک کی وجہ سے رونما ہونے والے ٹریفک حادثات میں متعدد شہری جاں بحق و زخمی ہوچکے ہیں. انہوں نے کہا کہ جان لیوا حادثات کی وجہ ہیوی وہیکلز کی شہر میں دن کے اوقات میں داخلہ ہے جو ٹریفک جام اور حادثات کا سبب بنتے ہیں جبکہ سندھ ہائی کورٹ نے اپنے واضع حکم نامے کے ذریعے صبح چھہ بجے سے رات گیارہ بجے تک ہیوی وہیکلز کا کراچی شہر میں داخلہ ممنوع قرار دیا ہے اور ٹریفک پولیس کو ہدایت کی ہے کہ اس عدالتی حکم پر عمل درآمد کرایا جائے لیکن ٹرانسپورٹ مافیا عدالتی احکامات کو نہ مانتے ہوئے دن کے اوقات میں شہر میں داخل ہورہے ہیں اور انسانی جانوں کے ساتھ کھیل رہے ہیں،چیئرمین نے کہا کہ ماہ رمضان کے مصروف ترین اوقات میں پورے شہر میں ٹریفک جام ہوجاتا ہے جس کی ایک اہم وجہ تجاوزات اور غیر قانونی پارکنگ بھی ہے،انہوں نے سندھ حکومت سے مطالبہ کیا کہ ہیوی ٹریفک کے مالکان کو اس بات کا پابند کیا جائے کہ وہ عدالتی حکم کو مانتے ہوئے بالخصوص ماہ صیام کے مصروف اوقات میں شہر میں داخل نہ ہوں۔