پاکستان ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی کی میزبانی کریگا

May 28, 2019

پاکستان اگلے سال آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے قبل ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی کی میزبانی کرے گا۔ اس بارے میں شہر کا فیصلہ ہونا ابھی باقی ہے۔

یہ فیصلہ سنگاپور میں ایشین کرکٹ کونسل کے اجلاس میں کیا گیا جس میں پاکستان کی نمائندگی احسان مانی اور وسیم خان نے کی۔

اجلاس میں بھارت، سری لنکا، بنگلہ دیش اور افغانستان کے حکام نے بھی شرکت کی۔

پی سی بی ترجمان کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ اکتوبر میں ہوگا جبکہ پاکستان یہ ٹورنامنٹ ستمبر میں کرائے گا۔ 2008 میں کراچی نے پچاس اوورز کے ایشیا کپ کی میزبانی کی تھی۔

ایشین کرکٹ کونسل نے اپنے نشریاتی حقوق فروخت کرنے اور دفتر قائم کرنے کے لئے جلد کام شروع کردے گا۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ چین میں2022 میں ہونے والے ایشین گیمز میں کرکٹ کی واپسی ہورہی ہے۔ 2018کے ایشین گیمز میں کرکٹ شامل نہیں تھا۔

ایشین کرکٹ کونسل چین میں کرکٹ گراؤنڈ کی تعمیر اور دیگر کاموں کا جائزہ لے گا۔

اس سے قبل گوانگ ژو میں ہونے والے ایشین گیمز میں کرکٹ شامل تھا۔

پی سی بی کا کہنا ہے کہ جلد ایشیا کپ کے لئے شہر کا نام فائنل کرکے تیاری شروع کردی جائے گی۔