لاہور، ٹرینوں کا شیڈول درہم برہم

June 02, 2019

لاہور ریلوے اسٹیشن پر ٹرینوں کا شیڈول درہم برہم ہونے سے عید پر آبائی علاقوں کو جانے والے مسافر رُل گئے، ٹرینوں کی آمدو رفت کے باعث مسافر گھنٹوں انتظار کی کوفت اٹھانے پر مجبور ہوگئے۔

مسافروں کا کہنا ہے کہ جلد گھر پہنچنے کی امید پر وقت سے پہلے ریلوے اسٹیشن پہنچے تھے لیکن یہاں تو سارا نظام ہی تلپٹ ہے۔

لاہور سے کراچی جانے والی تیز گام اور بزنس ایکسپریس ایک سے چار گھنٹے، ملتان ایکسپریس اور کوئٹہ جانے والی جعفر ایکسپریس پانچ سے سات گھنٹے تاخیر کا شکار ہے۔

ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ بوگیوں کی کمی پوری کرنے کی کوشش جاری ہے، جونہی بوگیاں مل گئیں ٹرینوں کی روانگی میں تاخیر بھی ختم ہو جائے گی۔