قرآن پارک... دبئی کا عظیم الشان منصوبہ!

June 05, 2019

دنیا کی بلند ترین عمارت برج الخلیفہ کے علاوہ بھی دبئی میںسیرو سیاحت کے لیے بے شمار جگہیں موجود ہیں، جہاں آپ سیلفیاںلے کر سوشل میڈیا پر شیئر کرسکتے ہیں۔ حال ہی میںدبئی کے علاقے الخوانیج میں ایک عظیم الشان پارک بنایا گیا ہے، جو قرآن کریم کی تھیم پر ہے۔ اس پارک میں قرآن مجید میںبیان کردہ معجزات، درختوں اور پودوں سے متعلق آگاہی فراہم کی جاتی ہے۔158ایکڑ وسیع رقبے پر مشتمل اس پارک کی تعمیر پر7.4ملین ڈالر لاگت آئی ہے۔

یہاں ایک ایئر کنڈیشنڈ غار بھی بنایا گیا ہے، جہاں قرآن پاک کے کرشموں اور دیگرواقعات کے بارے میں آگاہ کیا جاتاہے۔ اس پارک میںانتظامی بلاک کے علاوہ اسلامی گارڈن، بچوں کے کھیلنے کیلئے مخصوص مقامات، قرآن کریم کے معجزات کا اظہار کرتے پہاڑ، عمرہ کارنر، جھیل، صحرائی باغ، دوڑ کیلئے ٹریک، واش رومز، ریت سے بناہوا واکنگ ٹریک اور سائیکلنگ ٹریک بھی موجود ہیں۔

29مارچ کو عوام کیلئے کھولے جانے والے اس قرآن پارک کے افتتاح کا اعلان دبئی میونسپلٹی نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹکے ذریعے کیا تھا۔ یہ اپنی نوعیت کا پہلا پارک ہے، جہاں قرآن کریم کے تقریباً سبھی معجزات کے نمونے پیش کئے گئے ہیں۔ اس پارک سے لوگوں کو قرآن کریم کو جاننے اور سمجھنے میں بے پناہ مدد ملتی ہے، جیسے کہ قرآن مجید میں54درختوں اور پودوں کا ذکر کیا گیاہے، وہ سب آپ کو یہاں ملیںگے۔ ان درختوں میںزیتون، کیلے، انار ، گندم ، املی، پیاز ، مکئی ، کدو ، ادرک وغیرہ شامل ہیں۔

گلاس ہاؤس

قرآن پارک میںبنایا گیا گلاس ہائوس لوگوںکی کشش کا باعث بنتا ہے۔ اس کے اندر قرآن اور سنت میںمذکور29مختلف پودے اور درخت موجود ہیں۔ آپ کو یہاں زیتون، انجیر، سیاہ مہندی، عود، ایلوویرا اور دیگر پودے و نباتات ملیں گے۔ آپ کو اس گلاس ہائوس میں داخل ہوتے ہی یہاںموجود پودوں اور درختوں کی فہرست اور رہنمائی حاصل ہوجائے گی۔ ہر درخت کو الگ الگ مقام پر ا س کے نام اورمعلومات کے ساتھ لگایا گیاہےاور یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ا س کا ذکر قرآن یا حدیث میں کس جگہ آیا ہے۔

یہاں موجود پودوںاور درختوں کو خودکار نظام کے تحت کانسی کے کھمبوں میں چھپے نوزل کے ذریعے ان کی ضروریات کے مطابق پانی کی فراہمی جاری رہتی ہے۔ ان درختوں کے تنوںمیں موجود وینٹی لیشن کے ذریعے یہاںکا درجہ حرارت کنٹرو ل کیا جاتاہے۔ اگر آپ کو یہاںپیاس لگے تو گلاس ہائوس کے باہر سوفٹ ڈرنک، تازہ جوس اور پانی آپ کو پیش کیا جاتا ہے۔ شام کوکھانے کا وقت ہوتو آپ کی ضیافت شوارما اوربرگرز سے بھی کی جاتی ہے۔

معجزاتی غار

یہ مصنوعی غار ان تمام معجزات کو سامنے لاتاہے جوقرآن کے مطابق پیغمبروںکو عطا کیے گئے۔ یہاں آپ کو حضر ت ابراہیم ؑ کا وہ معجزہ بھی نظر آئے گا جب انہوں نے پرندوں کے ٹکڑے کرکے چار مختلف سمتوں میں رکھ دیے تھے اور پھر وہ واپس زندہ ہو کر آگئے تھے۔ اس کے علاوہ حضرت موسیٰ ؑکا سمندر میں راستہ بنانے اور حضرت عیسیٰ ؑ کا مٹی سے پرندہ بنانے کے بعد اسے ہوا میں اڑانے جیسے معجزات پر بھی آپ کو آگاہی ملے گی ۔

آپ جیسے ہی غار میںداخل ہوںگے، قرآن کا ایک تعارفی ویڈیو دیکھیںگے، پھر اس کے بعد یہاں موجود اسکرین پر آپ کو باری باری تمام معجزات کی تفصیلات فراہم کی جائیںگی۔ یہاںصر ف ایک ہی اسکرین نہیںہے بلکہ مختلف مقامات پر لگی اسکرینز کے ذریعے آپ کو معجزات کی تفصیلات ملتی چلی جائیں گی اور اس کے تسلسل کیلئے ایک گائیڈ بھی آپ کی رہنمائی کیلئے موجود ہوگا۔

پارک

اس پارک میںآپ کو جابجا سبزہ زار اور پھولوں سے سجے ایریا نظر آئیں گے۔ یہاں آپ کی رہنمائی کیلئے راستوںمیںسنہری عربی کتابت سے مزین پوائنٹ نظر آئیں گے، جو آپ کی رہنمائی کریں گے۔ یہاںلگے سولر پینل درخت آپ کی رہنمائی کرتے ہوئے آپ کو گلاس ہائوس کی جانب لے جائیں گے۔ ان سولر درختوںکے سائے تلے آپ آرام بھی فرما سکتے ہیں اور اپنے فون کو بھی چارج کرسکتے ہیں۔ اس پارک میںایک جھیل ہے اور اس میںلگے فوارے آپ کا دل لبھائیں گے۔ اس جھیل کے اندر گہرائی تک ایک راستہ ہے، جہاںجاکر آپ اپنی یادگار تصاویر بناسکتے ہیں۔

پارک کے کونے پر ایک کافی ہائوس بنایا گیاہے، جہاں آپ کافی، چاکلیٹ اور ڈیزرٹس سے لطف اندوز ہو سکتے ہیں۔ اس کیفے کے دائیںطرف ایک پلے گرائونڈ ہے، جہاںچھوٹے بچے خوب موج مستی کرسکتے ہیں۔ یہ قرآن پارک صبح 8 سے رات 10 بجے تک آپ کا منتظر رہتا ہے اور یہاںپارکنگ کا عمدہ نظام کیا گیا ہے۔ پارک میںداخلہ مفت ہے تاہم گلاس ہائوس اور معجزاتی غار میں داخل ہونے کیلئے آپ کو 5درہم کا ٹکٹ خریدنا ہوگا۔