’مرد نہیں جو ڈرجائےحالات کےخونی منظر سے‘

June 11, 2019

پاکستان پیپلزپارٹی ویمن ونگ فرانس کی صدر روحی بانو نے کہا کہ ہم سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری کی غیر آئینی گرفتاری کی پرزور الفاظ میں مذمت کرتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ آصف زرداری کو فوری رہا کیا جائے۔

جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے محترمہ روحی بانو نے کہا کہ آصف علی زرداری کی گرفتاری صرف اور صرف ناکام بجٹ سے توجہ ہٹانے کیلئے ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ بجٹ سے ایک روز قبل آصف زرداری کی گرفتاری کا مطلب ہے قوم کو نئی لال بتی کے پیچھے لگانا۔

بجٹ میں لگائے جانے والے ٹیکسسز اور خسارے و مہنگائی کو بھول کر تمام چینلز پر زرداری کی گرفتاری پر تبصرے ہوتے رہیں گے تاکہ قوم بجٹ کو بھول جائے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ گرفتاری والا کام اکیلے ایک عمران کا نہیں بلکہ عمران کو لانے والے اس کھیل میں مکمل طور پر شامل ہیں۔

انہوں نے شعر پڑھا

مرد نہیں جو ڈر جائے حالات کے خونی منظر سے

جس دور میں جینا مشکل ہو اس دور میں جینا لازم ہے

انہوں نے آخر میں پر عزم نعرہ لگاتے ہوئے کہا کہ جیسے بھی حالات رہیں گے زرداری صاحب تیرے ساتھ رہیں گے۔ جیو آصف علی زرداری جیے بھٹو۔