دل اور شوگر کی بیماریوں کی روک تھام کیلئے آگاہی مہم ضروری ہے، ڈاکٹر سہیل

June 12, 2019

کوئٹہ (اسٹاف رپورٹر) امریکہ میں مقیم ماہر کارڈیولوجسٹ ڈاکٹر سہیل خان نے کہا ہے کہ شوگر کے مریضوں کی ٹانگوں میں خون کی رکاوٹوں کو دور کرکے مریض کی ٹانگ کٹنے سے بچائی جاسکتی ہے، دل کے مریضوں کی زیادہ تعداد30 سے35 سال ہے،کوئٹہ میں دل اور شوگر کی بڑھتی ہوئی بیماریوں کی روک تھام کیلئے ضروری اقدامات اور آگاہی مہم چلانے کی ضرورت ہے ۔ اگر حکومتی سرپرستی ہو تو بڑی تبدیلی لائی جاسکتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو سول ہسپتال میں ڈاکٹرز کی تربیتی نشست سے خطاب میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ شوگر پاؤں میں ہو تو اس کا اثر جسم ، ٹانگوں پر بھی چلا جاتا ہے دل اور ٹانگوں کی شریانیں آپس میں ملتی ہیں اگر ٹانگوں کے خون میں رکاوٹ ہوگی تو دل کی بیماری کا احتمال بڑھ جاتا ہے اس لئے اس کے ٹیسٹ کرانا ضروری ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ اس لیکچر کا مقصد یہ تھا کہ ٹانگ کو کاٹنے سے پہلے چیک کیا جائے کیونکہ ٹانگ کٹ جائے تو انسان بے وقعت ہو کر رہ جاتا ہے اسی طرح دل کے مریض جو زیادہ تر 30 سے35 سال کے درمیان ہیں کو آگاہی کی بھی ضرورت ہے، اُنہوں نے کہا کہ مریضوں کیلئے طبی آلات عطیہ کئے ہیں حکومت اگر اس جانب توجہ دے تو دل اور شوگر کے مریضوں کی حالت بدل جائے گی اور انہیں30 سے 40 ہزار روپے خرچہ جو ماہانہ گھریلو اخراجات ہیں طبی آلات کے حوالے سے بچ جائیں گے۔ سول ہسپتال کوئٹہ کے کارڈیالوجی ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ ڈاکٹر پروفیسر مجیب اﷲ ترین نے کہا کہ ٹیسٹ کراکے ٹانگوں کی بیماری سے لاکھوں لوگوں کو بچایا جاسکتا ہے اس کیلئے آگاہم مہم چلائی جائے ،اُنہوں نے بتایا کہ ڈاکٹر پروفیسر سہیل خان نے جو طبی آلات دیئے ہیں وہ دل کے شعبے کے70 مریضوں کے زیر استعمال ہیں جس پر ہم ان کے مشکور ہیں۔ اس موقع پر اُنہوں نے اپنی جانب سے سول ہسپتال کے شعبہ امراض قلب کیلئے ایک کروڑ روپے مالیت کے طبی آلات بھی متعلقہ حکام کے حوالے کئے جن سے استفادہ کرکے70 مریض جلد صحت یاب ہوسکیں گے جبکہ ڈاکٹرز کی تربیت کیلئے اگلے سال تربیتی ورکشاپ بھی منعقد کی جائے گی۔ تربیتی پروگرام میں ڈاکٹرز کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔