ارباب اختیارمہاجروں پر جاری مظالم کا خاتمہ کریں‘مصطفیٰ کمال

June 12, 2019

کراچی(اسٹاف ر پو ر ٹر) پاک سر زمین پارٹی کے چیئر مین سید مصطفی کمال نے کہا ہے کہ یہ موقع مہاجروں کے زخموں پر مرہم رکھنے کا موقع ہے،مہاجروں نے صحیح اور غلط کی بنیاد پر خود کو الطاف حسین سے علیحدہ کیا ہے۔ کراچی میں قومیت کے نام پر اب کوئی واضح اکثریت حاصل نہیں کرسکتا‘سب کی بھلائی جڑنے میں ہے‘ اب ارباب اختیار سے گزارش کرتا ہوں کہ وہ الطاف حسین کو سامنے رکھ کر مہاجر قوم پر جاری مظالم کا خاتمہ کریں۔ انکے ساتھ جاری نارواں سلوک ،کوٹہ سسٹم ، نوکریوں کا نہ ملنا ، کراچی کا بجٹ نہ دینا ، کچرا نہ اٹھانا ، آبادی کو کم گننا،میئر اور بلدیاتی امیدواروں کو اختیارات نہ دینے جیسے مظالم کا خاتمہ ہونا چاہئے۔مہاجروں کو بھی سوچنا ہوگاکہ ہم سے غلط راستہ اختیار ہو گیا ورنہ ہمیں سب چھوڑ کر علیحدہ ہونے کی ضرورت نہیں تھی ہمارا سب سے زیادہ فائدہ ایم کیو ایم میں رہنے میں تھا۔ان خیالات کا اظہار سید مصطفی کمال نے پاکستان ہائوس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ آج تین نسلیں کٹوانے والوں سے مسائل کا کہو توکہتے ہیں ہمارے پاس گٹر لائنوں کا بھی اختیار نہیں ہے،آج بھی 35سال پرانے نعرے ہیں، نہ نعرہ تبدیل ہوا ، نہ لوگ تبدیل ہوئے، نہ باتیں لیکن35 ہزار نوجوان شہداء قبرستان چلے گئے۔ساری قومیتوں سے لڑائی ہو گئی ، تعلیمی ادارے تباہ ہوگئے، مہاجر علم کی طرف واپس آئیں، مہاجر نام پر سیاست کرنے میں سب سے زیادہ نقصان مہاجروں کا ہے۔کراچی میں مہاجر، سندھی، بلوچ یا کسی اور نام پر کوئی بھی اب واضح اکثریت حاصل نہیں کر سکتا ،سب کی بھلائی جڑنے میں ہے۔انہوں نے کہا کہ الطاف حسین پہلے بھی کئی مرتبہ گرفتار ہو چکے ہیں لیکن اس باریہ فرق ہے کہ ان کی ایک جانب محمد انوراور دوسری جانب طارق میر کھڑے ہوتے تھے۔ ندیم نصرت ، واسع جلیل پہلے چھوڑ کر چلے گئے‘ہو سکتا ہے وہ ضمانت پر باہر آجائیں لیکن آج قدرت نے جیتے جی دنیا میں انہیںدکھادیا کہ غلط کام کا غلط انجام ہے۔