یہ ان کے غرور اور تکبر کی سزا ہے، فردوس اعوان

June 13, 2019

معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ شریف خاندان نے نشان عبرت بن کر بھی کچھ نہیں سیکھا ،جس کو عوام نے تین بار ملک کا سربراہ بنایا وہ اپنے خاندان کی جائیدادیں بنانے میں مصروف رہا، آج مکافات عمل ہے،یہ ان کے غرور اور تکبر کی سزا ہے۔

Your browser doesnt support HTML5 video.


فردوس عاشق اعوان نے وزیر نیشنل فوڈ سیکیورٹی محبوب سلطان کے ہمراہ اسلام آباد میں پریس کانفرس کے دوران مریم نواز کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کیا پدی کیا پدی کا شوربہ، محترمہ سے کہتی ہوں اپنی اوقات اور اپنے قد میں رہیں۔

انہوں نے کہا کہ نیب زدگان نے اپنی پریس کانفرنس میں بتایا کہ انہیں عوام کی مشکلات کا نہیں ،اقتدار کا درد ہے، وزیراعظم کا عزم ہے کہ جان چلی جائے پر چوروں اور لٹیروں کو نہیں چھوڑیں گے، اگلے ہفتے کمیشن کے سربراہ کا اعلان کیا جائیگا۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیراعظم کے احساسات کی ترجمانی بجٹ میں ہوئی، بجٹ میں ترجیحات رکھی گئیں، بجٹ میں کچھ کڑوی گولیاں ضرور ہیں، ہم چاہتے ہیں آپ بجٹ کو شوگر کوٹیڈ کرکے نگلیں، نگلتے ہوئے کڑواہٹ ہوگی لیکن بعد میں ہر قسم کی تکلیف سے نجات پالیں گے، یہ گولیاں معیشت سے جڑی ہیں سیاست کے لئے الگ گولیاں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ڈیزل کی قیمت بڑھنے سے کاشتکار پر بوجھ بڑھا ہے،ڈیزل پر چلنے والے ٹیوب ویلز کو سولر پر تبدیل کررہےہیں، سولر ٹیوب ویلز کا اقدام سب سے اہم ہے۔