ہانیہ عامر اہل سوڈان کیساتھ کھڑی ہو گئیں

June 14, 2019

افریقی مسلمان ملک سوڈان میں حالیہ ہونے والے قتل عام پر اداکارہ ماہرہ خان کی جانب سے بین الاقوامی میڈیا کو کوریج دینے کی اپیل کے بعد پاکستانی فلم اور ٹی وی کی اداکارہ ہانیہ عامر بھی وہاں ظلم پر خاموش نہیں رہ سکیں اور اہل سوڈان کے لیے آواز بلند کرنے پر مجبور ہو گئیں۔

Your browser doesnt support HTML5 video.


انہوں نے لوگوں پر زور دیا ہے کہ وہ سوڈان میں ہونے والے مسلسل ظلم و ناانصافی کے خلاف اپنی آواز بلند کریں۔

ہانیہ عامر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹا گرام پر اپنے تفصیلی پیغام میں لوگوں بالخصوص اپنے پرستاروں سے اپیل کی ہے کہ وہ سوڈان کی موجودہ صورت حال اور فسادات کے خلاف آواز اٹھائیں۔

انہوں نے کہا کہ سوڈان میں قتل عام جاری ہے، وہاں کے عوام کو مارا پیٹا جا رہا ہے، قتل کیا جارہا ہے اور جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، ایک بچے کو متعدد افراد نے ایک مسجد میں اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا، وہاں ہونے والے فسادات میں 52 افراد کو قتل کیا گیا، 700 افراد زخمی ہوئے، درجنوں افراد کی لاشوں کو دریائے نیل میں پھینک دیا گیا۔

ہانیہ نے کہا کہ سوڈان کی فوج نے انٹرنیٹ اور میڈیا کوریج پر پابندی عائد کر رکھی ہے جس کی وجہ سے نہ ہم جان سکتے ہیں کہ وہاں کیا ہو رہا ہے اور نہ ہی وہاں کے عوام کسی کو اپنی مدد کے لیے پکار سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا ہے کہ خدارا یہ مت سوچیں کہ یہ ہمارے لوگ نہیں ہیں، تو ہم کیا کریں، ہم سب انسان ہیں، برے وقت کا پتہ نہیں ہوتا۔


ہانیہ عامر نے پرستاروں سے اپیل کی ہے کہ سوشل میڈیا، فیس بک، انسٹا گرام، ٹوئٹر، اسنیپ چیٹ، یو ٹیوب، ٹک ٹاک سمیت جہاں تک ممکن ہو سکے سوڈان کی صورت حال پر آواز اٹھائیں۔

انہوں نے کہا کہ خدارا یہ نہیں سوچیں کہ سوڈان کے عوام ہمارے نہیں ہیں، ہم سب انسان ہیں، جب معاملات خراب ہوتے ہیں تو آپ کبھی نہیں جان پاتے، فیس بک، انسٹا گرام، ٹوئٹر، اسنیپ چیٹ، یو ٹیوب، ٹک ٹاک پر زیادہ سے زیادہ اس معاملے پر آواز بلند کریں، اہلِ سوڈان کی مدد کریں۔

22 سالہ اداکارہ نے انسٹا گرام پر اپنے پیغام میں اہلِ سوڈان کی مالی امداد کے لیے بنائی گئی کئی ویب سائٹس کے لنک بھی شیئر کیے ہیں اور ان کی مدد کرنے کی اپیل بھی کی ہے۔

واضح رہے کہ سوڈان میں جمہوریت نواز مظاہروں میں اب تک فوج کی نہتے مظاہرین پر فائرنگ سے 100 سے زیادہ افراد ہلاک ہو چکے ہیں جن میں اکثریت نوجوانوں اور پیشہ ورانہ افراد کی ہے۔

سوڈان پر طویل عرصے تک حکمرانی کرنے والے عمر البشیر کو فوج نے عوامی دبائوکے باعث اس سال اپریل میں ہٹادیا تھا اور اقتدار پر قابض ہو گئی تھی۔

سوڈان میں جمہوریت کی بحالی کے لیے ہونے والے خونریز انقلاب کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے سوشل میڈیا نیلے رنگ میں ڈھل گیا ہے، انسٹاگرام، ٹوئٹر اور دیگر سوشل میڈیا ایپس پر لوگ اپنی پروفائل پکچرز کی جگہ نیلا رنگ استعمال کر رہے ہیں۔