حکومت ڈیل چاہتی ہے، نواز شریف نہیں چاہتے: مشاہد اللہ

June 15, 2019

مسلم لیگ نون کے رہنما اورسینیٹر مشاہد اللہ خان کہتے ہیں کہ حکومت ڈیل چاہتی ہے لیکن نواز شریف کسی صورت ڈیل نہیں کرنا چاہتے۔

انہوں نے سعودی دارلحکومت ریاض میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف آج نہیں تو کل جیل سے باہر ہوں گے۔

مسلم لیگ نون کے سینیٹر مشاہد اللہ نے مزید کہا کہ یک طرفہ احتساب قوم کے لیے ہرگز قابلِ قبول نہیں، نواز شریف پر جھوٹے مقدمات بنائے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کے خلاف اعلانِ جنگ کی ضرورت نہیں وہ خود اپنی دشمن ہے، نون لیگ ووٹ کی عزت کے لیے اپنی مستقل جدوجہد جاری رکھے گی۔

مشاہداللہ خان نے مزید کہا کہ روپے کی قدر میں مسلسل کمی سے ملکی معیشت بد حالی کا شکار ہے، 50 لاکھ گھر دینے والے نے 9 مہینے میں 50 لاکھ گھروں کو مٹی کا ڈھیر بنا دیا۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کے عوام تحریک انصاف کی حکومت سے مایوسی کے ساتھ ساتھ مہنگائی اور لاقانونیت کا سامنا کر رہے ہیں۔