حالیہ گرفتاریوں پر وزیر اعظم نے آج اجلاس طلب کر لیا

June 15, 2019

وزیر اعظم عمران خان نے حکومتی ترجمانوں اور سینئر رہنماؤں کا اجلاس آج 2 بجے بنی گالہ میں بلالیا۔

ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نے حکو متی عہدیداروں اور پارٹی قیادت کو اسلام آباد میں موجود رہنے کی ہدایت کی ہے۔

اجلاس میں پارٹی بیانیے اور حالیہ گرفتاریوں پر تبادلہ خیال کیا جائے گا جبکہ اجلاس سے قبل بنی گالہ میں سینئر رہنماؤں کے ساتھ مشاورتی نشست بھی ہوگی۔

ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان اس اجلاس میں اپوزیشن سے نمٹنے کا لائحہ عمل طے کریں گے۔

واضح رہے کہ گزشتہ چند روز میں کئی اہم سیاسی شخصیات کو گرفتار کیا گیا ہے جن میں سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری ان کی ہمشیرہ فریال تالپور بھی شامل ہیں۔

ان دنوں گرفتار ہونے والوں میں مسلم لیگ نون کے رہنما اور پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز اور پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے پنجاب کے وزیر جنگلات سبطین خان بھی شامل ہیں۔