بحری جہازوں پر حملہ ایرانی پاسداران انقلاب نے کیا، برطانوی وزیر خارجہ

June 16, 2019

لندن (این این آئی) برطانوی وزیر خارجہ جیرمی ہنٹ نے کہا ہے کہ ہمیں یقین ہے کہ خلیج عْمان میں دو تیل بردار جہازوں پر حملے میں ایرانی پاسداران انقلاب کا ہاتھ ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ خلیج عْمان میں دو تیل بردار جہازوں پر حملے کا کسی اور ملک کو فائدہ نہیں ہوسکتا اور نہ ہی ایران کے سوا کوئی دوسرا ملک اس واقعے کا ذمہ دار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران ماضی میں بھی تیل بردار جہازوں پر حملوں میں ملوث پایا گیا ہے، ہماری تحقیقات اور ان کے نتائج یہ بتا رہے ہیں کہ تیل بردار جہازوں پر حملوں میں ایرانی پاسداران انقلاب کا ہاتھ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران خطے کو افراتفری کا شکار کرنا چاہتا ہے اور پورے خطے کیلئے سب سے بڑا خطرہ بن کر اْبھر رہا ہے۔ انہوں نے ایران پر خطے کو عدم استحکام سے د وچار کرنے کی سرگرمیاں فوری طور پر بند کرنے کا مطالبہ کیا۔انہوں نے کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ 12 مئی کو متحدہ عرب امارات کی الفجیرہ ریاست کے قریب علاقائی پانیوں میں چار تیل بردار جہازوں پر حملے میں بھی ایران کا ہاتھ تھا۔