کیا عمران خان کی کتاب میں آصف علی اور شاہین آفریدی ’’ریلو کٹے ‘‘ہیں؟

June 17, 2019

مانچسٹر(خالد حسین)کیا عمران خان کی کتاب میں آصف علی اور شاہین آفریدی ’’ریلو کٹے ‘‘ہیں؟وزیر اعظم نے قومی کرکٹ ٹیم کو ریلو کٹوں کے بجائے اسپیشلسٹ کھلاڑیوں پر انحصار کا مشورہ دیا تھا۔تفصیلات کے مطابق،پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی جب اتوار کی صبح سوکر اٹھے تو انہیں وزیر اعظم عمران خان کی متعدد ٹوئٹس ملیں جس میں واضح پیغام تھا کہ سرفراز احمد کو ’’ریلو کٹوں‘‘کے بجائے اسپیشلسٹ کھلاڑیوں پر انحصار کرنا ہوگا کیوں کہ ریلو کٹے دبائو میں شاز ونادر ہی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہیں۔ورلڈ کپ کے سب سے زیادہ اہمیت کے حامل میچ سے چند گھنٹے قبل کیا ایسی متنازعہ ٹوئٹ کی جانی چاہئے تھی اس پر بحث ہوتی رہے گی لیکن اس کے ساتھ ساتھ یہ بھی دیکھنا ہے کہ وزیر اعظم کے بیان پر سرفراز اور ان کی ٹیم کس طرح کا ردعمل دیتی ہے۔تاہم اولڈ ٹریفرڈ میں دوران ٹریننگ پاکستانی کھلاڑی پریشان سے نظر آئے۔جب کہ دوسری جانب ویرات کوہلی اور ان کی ٹیم پرسکون انداز میں فٹ بال پریکٹس کرتے نظرآئے۔پرہجوم پریس بکس کے پیچھےکچھ لوگ یہ باتیں کرتے سنائی دیئے کہ پاکستانی ٹیم میں کون سے کھلاڑی ریلو کٹے ہیں۔ایک شک آصف علی پر جاتا ہے جو ورلڈ کپ میں اب تک بری طرح ناکام ہوئے ہیں۔کچھ کا خیال تھا کہ وہ عماد وسیم بھی ہوسکتے ہیں ۔تاہم وہ آسٹریلیا سے 41رنز سے ہارنے والی پاکستانی ٹیم کا حصہ نہیں تھے، پھر یہ سوچا گیا کہ جب تک پاکستانی ٹیم کے بھارت کے خلاف میچ میں 11کھلاڑیوں کا اعلان نہیں ہوجاتا تب تک انتظار کیا جائے ۔اعلان کردہ پاکستانی ٹیم میں آصف علی اور شاہین شاہ آفریدی کو ڈراپ کردیا گیا اور ان کی جگہ شاداب خان اور عماد وسیم کو شامل کیا گیا۔اب کوئی یہ سمجھ نہیں پارہا تھا کہ یہ تبدیلیاں عمران خان کے ٹوئٹس کے بعد کی گئیں یا نہیں کیوں کہ سرفراز اور پاکستانی کرکٹ ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرنے کے مشورے پر عمل نہیں کیا اور سرفراز نے ٹاس جیت کر پہلے بالنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔واضح رہے کہ عمران خان نے بھارت کے خلاف میچ سے قبل کپتان سرفراز احمد کو مفید مشورے دیتے ہوئے متعدد ٹوئٹس کیے تھے اور عالمی کھیل میں کامیابی کے لیے ذہنی مضبوطی کی اہمیت پر زور دیا تھا۔