حکمرانوں سے وابستہ تمام امیدیں ٹوٹ رہی ہیں‘مصطفیٰ کمال

June 17, 2019

کراچی ( اسٹاف ر پو ر ٹر)پاک سر زمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفی کمال نے کہا ہے کہ ہم نے تبدیلی کا نعرہ بھی دیکھ لیا، روٹی کپڑا مکان کا نعرہ بھی دیکھ لیا اور 32 برسوں سے خون اور آگ کی سیاست بھی دیکھ رہے ہیں‘ موجودہ حکمرانوں سے وابستہ تمام امیدیں ٹوٹ رہی ہیں حقیقی تبدیلی کیلئے پی ایس پی کے علاوہ کوئی آپشن نہیں‘ 30 ہزار نوجوان ہم نے مر وادیئے‘وزیر بنوادیئے ، چودہ برسوں کے لئے گورنر بھی بنوادیا لیکن آج بھی مہاجر نام پر سیاست کرنے والے کہتے ہیں ہمارے پاس گٹر لائن صاف کر وانے کے بھی اختیارات نہیں ہے۔ 21جولائی کو باغ جناح میں ہونے والے جلسے کے حوالے سے مصطفی کمال نے کراچی اور سندھ بھر کی عوام کے نام ایک خصوصی پیغام میں کہا کہ بہت امیدیں وابستہ کی تھیں آج کے حکمرانوں سے لیکن ساری امیدیں ٹوٹتی چلی جارہی ہیں‘وہ تمام مظلوم اور مجبور لوگ جو حقیقی تبدیلی چاہتے ہیں اپنی آنے والی نسلوں کا روشن مستقبل دیکھنا چاہتے ہیں ان کے پاس پاک سر زمین پارٹی کے علاوہ کوئی اور آپشن نہیں ہے‘ کراچی اور سندھ بھر کے غیور، بہادر اور غیرت مند عوام خصوصاً کراچی میں بسنے والے بزرگوں، ماؤں،بہنوں اور نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ 21 جولائی کو باغ جناح کراچی میں منعقد جلسہ عام میں بھرپور تعدادمیں شرکت کریں۔