دھابیجی سے کراچی کو پانی کی فراہمی بند

June 17, 2019

کراچی کو پانی سپلائی کرنے والے دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر بجلی کا3 گھنٹوں کے دوران 2 مرتبہ بریک ڈاؤن ہوا جس کے باعث شہر کو مکمل طور پانی کی فراہمی بند ہو گئی۔

ترجمان واٹر بورڈ کے مطابق آج صبح 4بجکر 25 منٹ پر بجلی کے بریک ڈاؤن کے باعث دھابیجی پمنگ اسٹیشن پر 72 انچ قطر کی لائن پھٹنے سے کراچی کو پانی کی فراہمی 35 منٹ معطل رہی، تاہم بجلی 5 بجے بحال ہوئی۔

لائن پھٹنے سے ایک والو بھی لیک کر گیا، بریک ڈاؤن اور لائن لیکیج سے کراچی شہر کو 50 ملین گیلن پانی فراہم نہیں کیا جا سکا۔

کراچی کو متبادل لائنوں سے پانی کی فراہمی شروع کر دی گئی تھی اور لائن کی مرمت کے لیے ماہرین، عملہ اور مشینری نے پہنچ کر مرمت شروع کی، تاہم ڈھائی گھنٹے بعد ہی 7بجکر5منٹ پر دوسرا بریک ڈاؤن ہوا جس سے72انچ قطر کی دوسری لائن بھی پھٹ گئی اور شہر کو مکمل طور پر پانی کی فراہمی بند ہو گئی۔

واضح رہے کہ یہ 36گھنٹوں کے دوران دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر بجلی کاتیسرا بریک ڈاؤن ہے۔

پمپنگ اسٹیشن پر تاحال بجلی بحال نہیں ہوسکی ہے جس کےباعث واٹر بورڈ حکام نے شہریوں کو پانی احتیاط سے استعمال کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔