سانحہ ماڈل ٹائون سوچی سمجھی منصوبہ بندی سے ہوا‘ عوامی تحریک

June 18, 2019

راولپنڈی (اپنے رپورٹر سے) پاکستان عوامی تحریک شمالی پنجاب کے صدر قاضی شفیق الرحمان نے کہا ہے کہ ایمان کی حد تک یقین ہے کہ سانحہ ماڈل ٹائون میں خون کی ہولی شریف برادران کے حکم پر کھیلی گئی، کارکنوں کے گھر اجاڑنے والا خاندان آج خود نشان عبرت بن چکا ہے۔ وہ منہاج اسلامک سنٹر کری روڈ میں سانحہ ماڈل ٹائون کی پانچویں برسی کے موقع پر دعائیہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ اُنہوں نے کہا کہ اپنے ہر شہید کے خاندان کی کفالت کی، زخمیوں کا مکمل علاج کرایا اور کارکنوں پر قائم تمام جھوٹے مقدمات کا عدالتوں میں بھرپور دفاع کر رہے ہیں۔ سانحہ ماڈل ٹائون شریف برادران کی سوچی سمجھی منصوبہ بندی کا شاخسانہ تھا جس کا مقصد ڈاکٹر طاہر القادری کی حکومت کی ماورائے آئین و قانون حکمرانی کیخلاف جدوجہد روکنا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اگر یہ محض حادثہ یا نااہلی ہوتی تو ملوث افسران کیخلاف کارروائی ہوتی‘ جبکہ اُنہیں پرکشش مراعات اور عہدوں سے نوازا گیا۔