’وزراء ٹینشن نہ لیں بجٹ منظور کرالیں گے‘

June 18, 2019

فائل فوٹو

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ وزراء ٹینشن نہ لیں بجٹ ہر صورت منظور کرالیں گے۔

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت کابینہ کا اجلاس ہوا،جس میں اپوزیشن سے نمٹنے کی حکمت عملی تیار کی گئی۔

کابینہ اجلاس سے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ وہ نہ بلیک میل ہوتے ہیں، نہ ہی ڈرتے ہیں،اپوزیشن احتجاج کرنا چاہتی ہے تو سو بار کرے۔

انہوں نے وزراء کو بجٹ منظوری کی ٹینشن نہ لینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ بجٹ ہرصورت میں منظور کرالیں گے۔

عمران خان نے وزراء سے مزید کہا کہ کسی کی بلیک میلنگ میں نہ آئیں،کسی مصلحت کا شکار نہ ہوں،اینٹ کا جواب پتھر سے دیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ اپوزیشن احتجاج کرنا چاہتی ہے تو سو بار کرے، عوام کی زندگی میں خلل ڈالا گیا تو قانون حرکت میں آئے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر اپوزیشن آپ کو کسی جگہ بولنےنہیں دیتی تو آپ بھی انہیں بولنےنہ دیں، اپنے موقف سے کسی صورت پیچھے نہیں ہٹنا۔

عمران خان نے یہ بھی کہا کہ اسمبلی کے ساتھ ساتھ میڈیا پر بھی اپنے بیانے پر قائم رہیں اور بھرپور جواب دیں۔