کیا ریاست مدینہ کے والی موجودہ حکمرانوں کی طرح تھے؟غفور حیدری

June 19, 2019

اسلام آباد (خصوصی رپورٹ) جمعیت علمائے اسلام ف کے رہنما مولانا عبد الغفور حیدری نے کہا ہے کہ جب سے یہ سلیکٹڈ حکومت اقتدار میں آئی ہے ریاست مدینہ کا نام لے کر ریاست مدینہ والے کی توہین کی جا رہی ہے۔ یہ لوگ توہین رسالت کی بات پر کہتے ہیں زبان پھسل گئی معاف کر دو۔ انبیاء کرام کی توہین کر کے کہا زبان پھسل گئی۔ منگل کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ رات کے اندھیرے میں بجٹ پر جو گفتگو کی گئی پوری قوم اس پر سراپا احتجاج ہے۔ ظالم وزیر اعظم نے صحابہ کرام کی شان میں گستاخی کی جبکہ رسول کریم نے فرمایا صحابہ کرام ستاروں کی مانند ہیں جس کی بھی اتباع کرو گے فلاح پا جاو گے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست مدینہ کی بات کر کے تضحیک کی جاتی ہے، کیا ریاست مدینہ کے والی موجودہ حکمرانوں کی طرح تھے؟دوسری پارٹی سے نکالے گئے کرپٹ لوگ پر سوال اٹھائے گئے، اپنے کرپٹ لوگوں کے جواب میں وزیر اعظم نے کہا کہ اسلام سے پہلے رسول اللہ بھی اکیلے تھے، یہ سرا سر صحابہ کرام اور رسول اللہ کی توہین ہے۔ انہوں نے کہا کہ اے پی سی میں فیصلے کریں گے کہ ان ظالم حکمرانوں کا خاتمہ کب ہو گا۔ جب تک خاتمہ نہ ہوا انکا تعاقب کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم اسمبلی میں آئیں اور سب سے معافی مانگیں۔