فیس بُک کا نئی کرنسی متعارف کرانے کا اعلان

June 19, 2019

فیس بُک نے اگلے برس امریکی ڈالر کے مقابلے میں نئی کریپٹو کرنسی ’لبرا کوائن‘ متعارف کرانے کا اعلان کردیا۔

فیس بُک کے اعلیٰ عہدیدار ڈیوڈ مارکس کا کہنا ہے کہ اس کرنسی کا مقصد ایسے لوگوں تک مالی خدمات پہنچانا ہے جو بینکاری نظام سے باہر ہیں۔

کریپٹو کرنسی بٹ کوائن کے ایک دہائی بعد متعارف کی جانے والی نئی کرنسی ’لبرا‘ کو اٹھائیس بڑی عالمی کمپنیوں کی حمایت حاصل ہے جن میں پے پال، ماسٹر کارڈ، ویزا اور اوبر بھی شامل ہیں۔

فیس بُک اسے واٹس ایپ اور میسنجر پر بھی متعارف کرائے گا اور صارفین اپنے موبائل فونز کے ذریعے رقوم کی منتقلی کر سکیں گے۔

غیر منافع بخش تنظیم لبرا کے مطابق دنیا بھر میں ایک ارب سے زائد ایسے افراد ہیں جن کا اپنا کوئی بینک اکاؤنٹ نہیں وہ لبرا کوائن کے ذریعے کم سے کم قیمت پر آن لائن تجارتی اور مالیاتی سروسز سے فائدہ اُٹھا سکیں گے۔