شسپر گلیشیئر جھیل سے پانی کا اخراج مکمل

June 24, 2019

گلگت بلتستان کے ضلع ہنزہ میں شسپر گلیشیئر کے سرکنے سے بننے والی جھیل سے پانی کا اخراج مکمل ہوگیا۔

حسن آباد نالے میں بھی پانی کے بہاؤ میں کمی آ رہی ہے، 6 ماہ قبل شسپر گلیشیئر کے سرکنے سے جھیل بن گئی تھی۔

گلگت بلتستان ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے ڈپٹی ڈائریکٹر شہزاد بیگ کے مطابق شسپر گلیشیئرکے سرکنے سے بننے والی جھیل سے پانی کا اخراج مکمل ہوگیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ شسپر گلیشیئر کے سرکنے سے 6 ماہ قبل پانی کا بہاؤ رک گیا تھا جس کے باعث یہاں جھیل بن گئی تھی تاہم موسم گرم ہونے کے بعد پانی کا بہاؤ شروع ہو گیا۔

ڈپٹی ڈائریکٹر گلگت بلتستان ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی شہزاد بیگ نے مزید بتایا کہ پانی کے بہاؤ کے باعث ہونے والےکٹاؤ سےحسن آباد نالے کے دونوں جانب باغات اور زرعی زمین متاثر ہوئی ہے۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ پانی کے بہاؤ کے باعث شاہراہِ قراقرم بھی حسن آباد کے مقام پر کٹاؤ کی زد میں آ گئی جس کے باعث ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوئی، تاہم اب شسپر گلیشیئر کے سرکنے سے بننے والی جھیل سے پانی کا اخراج مکمل ہو گیا ہے۔

واضح رہے کہ 6 ماہ قبل وادی ہنزہ میں شسپر گلیشیئر سرکنے کا عمل شروع ہوا تھا، جس کے بعد جی بی ڈی ایم اے نے گلیشیئر کی ممکنہ زد میں آنے والی آبادی کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا تھا۔

آبادی کو گلیشیئر اور سیلاب سے بچانے کے لیے حفاظتی بند اور پل بنانے اور متبادل سڑک کی مرمت کا کام بھی کیا گیا تھا۔