مکی آرتھر نے تنقید کرنے والوں کو آڑے ہاتھوں لےلیا

June 24, 2019

پاکستان کے سابق ٹیسٹ کرکٹرز جس طر ح ورلڈ کپ میں کھیلنے والی ٹیم پر تنقید کے نشتر برسا رہے ہیں اس پر مکی آرتھر سرفراز احمد اور پوری ٹیم سخت ناراض ہے ان کے خیال میں ہمارا غیر ضروری میڈیا ٹرائل کر کے ٹیم کے حوصلے پست کئے جارہے ہیں اور گرایا جارہا ہے۔

لارڈز میں جنوبی افریقی کے خلاف ورلڈ کپ میچ میں پاکستان کی پراعتماد فتح کے بعدمیچ کے بعد مکی آرتھر نے مسلسل تنقید کرنے والوں کو آڑے ہاتھوں لیا اورلگ رہا تھا کہ وہ پہلے طے کرکے آئے تھے کہ ناقدین کے حملوں کے سامنے پسپا نہیں ہوں گے بلکہ انہیں جواب دیں گے۔

پیرکو پاکستانی کرکٹ ٹیم لندن سے بر منگھم روانہ ہوگئی ہے جہاں بدھ کو پاکستان کا ایک اور گروپ میچ نیوزی لینڈ کی مضبوط ٹیم کے خلاف ایجبسٹن بر منگھم میں ہورہا ہے۔

جیت کے بعد مکی آرتھر نے پاکستان ٹیم کے خلاف مسلسل تنقید کرنے والے سابق ٹیسٹ کرکٹرز اور ٹیم کے ناقدین سے کہا ہے کہ پاکستان ٹیم کی شاندارجیت ٹیم پر حملے کرنے والوں کو جواب ہے اور امید ہے کہ اس جیت کے بعد تنقید کرنے والے لوگ کچھ روز کیلئے خاموش ہوجائیں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی ٹیم سابق کھلاڑیوں نے سخت ریمارکس پر سخت ناراض ہے لیکن بورڈ نے کسی کو براہ راست جواب دینے سے منع کیا ہے۔

مکی آرتھر نے سابق کرکٹرز کا براہ راست نام لینے سے گریز کیا لیکن کہا کہ پچھلے چندر وز کے دوران ہونیوالی باتوں اور واقعات نے پاکستانی کرکٹرز کو کافی دکھ دیا تھا اور آج کی جیت ان کا بہترین ردعمل ہے، امید ہے یہ ردعمل کچھ لوگوں کو اگلے چند روز تک خاموش رکھے گا۔

مکی آرتھر پریس کانفرنس میں غصے میں تھے انہوں نےاس وقت اپنی برہمی کا اظہار کیا جب ایک صحافی نے سوال کیا کہ حارث سہیل اننگز کے آخر میں تھکے تھکے لگ رہے تھے،ہیڈ کوچ نے کہا کہ ہر وقت ٹیم کے بارے میں منفی بات کرنا ٹھیک نہیں۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان ٹیم بقیہ تینوں میچز جیت کر سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرلے گی تاہم دیگر ٹیموں پر بھی اس بات کا کافی انحصار ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ٹیم اگر کھیل کے تینوں شعبوں میں ایک ساتھ پرفارم کرے تو کسی بھی ٹیم کو ہراسکتی ہے اور اب تک بیٹنگ بائولنگ اور فیلڈنگ ۔۔ تینوں شعبوں میں مشترکہ طور پر شاندار کارکردگی کا انتظار ہے۔