مشن ورلڈ کپ، بلند اڑتے کیویز کا شکار شاہینوں کا ہدف، غلطی کی گنجائش نہیں

June 26, 2019

ایجبسٹن، برمنگھم (عبدالماجد بھٹی/ نمائندہ خصو صی ) ورلڈ کپ کرکٹ کے سیمی فائنل میں جگہ بنانے کے لئے پاکستانی ٹیم بدھ کو ٹورنامنٹ میں ناقابل شکست اور خطرناک حریف نیوزی لینڈ کے خلاف اہم ترین میچ کھیل رہی ہے۔ مشن ورلڈکپ میں پاکستانی شاہینوں کا نیا ہدف بلند اڑتے کیویز کا شکار ہے۔ پاکستان کو ہر صورت میں نیوزی لینڈ کو ہراکر آگے بڑھنا ہوگا۔ منگل کو دن بھر بارش ہوتی رہی جس کے بعد میچ میں ٹاس اہمیت اختیار کر گیا ہے۔ برمنگھم میں پاکستانیوں کی بہت بڑی تعداد رہتی ہے اس لئے میچ میں پاکستان کو زبردست سپورٹ ملے گی میچ کے ٹکٹ کی مانگ میں اضافہ ہوگیا ہے۔ پوائنٹس ٹیبل پر اس وقت بنگلہ دیش اور ویسٹ انڈیز کی ٹیمیں پاکستان سے اوپر ہیں لیکن اگر پاکستان بقیہ تینوں میچ جیت جائے تو وہ براہ راست سیمی فائنل کا ٹکٹ حاصل کر لے گا اور پھر نیٹ رن ریٹ پاکستان کی راہ میں رکاوٹ نہیں بنے گا۔ سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ ہم بھارت کے خلاف بری طرح ہارے، اس کے بعد ٹیم پر بہت تنقید ہوئی، ہم نے غلطیاں کیں ، لہٰذا ہم اس کے مستحق تھے لیکن ہم نے اس تنقید کو مثبت لیا اور یہ عہد کیا کہ انہیں دوبارہ نہیں دہرائیں گے۔ نیوزی لینڈ نے چھ میں سے پانچ میچ جیت کر سیمی فائنل میں جگہ پکی کرلی ہے ایک میچ بارش سے متاثر ہوا تھا۔ پاکستان نے سات میں سے دو میچ انگلینڈ اور جنوبی افریقا کے خلاف جیتے ہیں جبکہ سری لنکا کا میچ بارش سے منسوخ ہوگیا تھا۔ نیوزی لینڈ اس وقت بہت اچھی کرکٹ کھیل رہا ہے اس کے بولر چھائے ہوئے ہیں جبکہ بیٹنگ میں کین ولیم سن نمایاں ہیں۔ کین ولین سن پانچ میچوں میں373رنز دو سنچریوں کی مدد سے بنا چکے ہیں۔ ان کا سب سے زیادہ اسکور148رنز ہے۔ پاکستان کی جانب سے بابر اعظم232رنز بنا کر نمایاں ہیں۔ ورلڈ کپ میں پاکستان کے لئے سب سے بڑا مسئلہ فیلڈنگ رہی ہے۔ پاکستان نے اتوار کے روز جنوبی افریقا کو ایک واضح مارجن سے شکست دی لیکن پاکستان نے کیچ ڈراپ کرنے کے گذشتہ تمام ریکارڈ توڑ ڈالے۔ پاکستان کی ٹیم نے رواں ورلڈ کپ میں اب تک چھ میچ کھیلے ہیں اور14کیچ ڈراپ کر کے کیچ ڈراپ کرنے والی ٹیموں میں سرفہرست ہے۔ 2015کے ورلڈ کپ سے دونوں ٹیموں کے درمیان ہونے والے گیارہ میچوں میں پاکستان ایک میچ جیت سکا ہے۔ جبکہ ورلڈ کپ میں پاکستان نے چھ اور نیوزی لینڈ نے دو میچ جیتے ہیں۔ گذشتہ سال متحدہ عرب امارات میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ون ڈے سیریز ایک ایک سے برابر ہوئی تھی جبکہ نیوزی لینڈ میں ڈیڑھ سال قبل ہونے والی سیریز میں پاکستان کو تمام میچوں میں شکست ہوئی تھی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان106ون ڈے انٹر نیشنل میچ ہوئے ہیں۔ نیوزی لینڈ نے54اور پاکستان نے48میچ جیتے ہیں ایک میچ ٹائی ہوگیا۔ پاکستان اور نیوزی لینڈ کا میچ بارش سے متاثر ہونے کے امکانات کم ہیں ، بدھ کو خوشگوار موسم کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ منگل کی دن بھر شدید بارش ہوئی۔ گرائونڈ میں جگہ جگہ پانی کھڑا ہوا ہے۔ گرائونڈ کو خشک کرنے والی دو میشینیں (سپر سوپر) سے کورز پر کھڑے پانی کو نکالنے کی بھی کوشش کی گئی۔ پچ اور اس کے اطراف کے ایریا کو کورز سے ڈھانپ دیا گیا تھا۔ گرائونڈ اسٹاف کی کوشش ہے کہ پانی آئوٹ فیلڈ کے ساتھ ساتھ پچ کو متاثر نہ کرے۔ ایجبسٹن میں دنیا کا سب سے جدید پانی خشک کرنے والا سسٹم اور آلات موجود ہیں۔ بارش کی وجہ سے پاکستان ٹیم کے چند کھلاڑیوں نے آپشنل پریکٹس سیشن میں حصہ نہیں لیا۔ بابر اعظم، شعیب ملک اور وہاب ریاض نے پریکٹس نہیں کی۔