آسٹریلیا نے انگلینڈ کو شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنالی

June 26, 2019

لندن(مانیٹرنگ سیل) ورلڈکپ کے اہم میچ میں آسٹریلیا نے روایتی حریف انگلینڈ کو 64 رنز سے شکست دے کر سیمی فائنل کا ٹکٹ کٹا لیا۔کرکٹ کے ’گھر‘ لارڈز کے تاریخی میدان میں آسٹریلیا کے 286رنز کے جواب میں ہوم ٹیم 221 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ انگلش بولرز نے اننگز کے آخری 15 اوورز میں زبردست بولنگ کا مظاہرہ کیا جس کی بدولت آسٹریلیا کی ٹیم مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 285 رنز ہی بناسکی۔ فنچ 100 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر کیچ آؤٹ ہوئے۔جوابی بیٹنگ کے دوران رواں ورلڈکپ میں ریکارڈ ہدف دینے والی انگلش ٹیم کے 6 پلیئرز ڈبل فیگرز میں بھی داخل نہ ہوسکے۔124 کے مجموعے پر آدھی انگلش ٹیم پویلین لوٹ گئی۔ انگلینڈ کی تمام امیدیں اس وقت دم توڑ گئیں جب ایک اینڈ پر ڈٹے ہوئے بین اسٹوکس 89 رنز پر بولڈ ہوگئے، ان کے آؤٹ ہوتے ہیں وکٹیں گرنے کی لائن لگ گئی اور پوری ٹیم 45 ویں اوور میں 221 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔آسٹریلیا کے جیسن بہرینڈوف نے تباہ کن باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 وکٹیں حاصل کیں، مچل اسٹارک نے 4 وکٹیں لے کر دوسرے نمایاں باؤلر رہے۔