این ایچ ایس نوجوانوں کو جوئے کی لت سے نجات دلانے کیلئے کلینک کھولے گا

June 26, 2019

لندن (پی اے) این ایچ ایس نے 13سے 25 سال عمر کے نوجوانوں کو جوئے کی لت سے نجات دلانے کیلئے اپنی نوعیت کا پہلا کلینک کھولنے کا اعلان کیا ہے۔ قومی مسئلے جوئے کی عادت چھڑانے کیلئے کلینک قائم کرنے کا مقصد نوعمروں اور نوجوانوں کو مدد بہم پہنچانا ہے۔ اس کلینک کا قیام اس لت میں مبتلا لوگوں کی مدد میں توسیع کیلئے این ایچ ایس کے طویل المیعاد منصوبے کا ایک حصہ ہے، اس منصوبے کے تحت انگلینڈ میں 14 کلینک کھولے جائیں گے جوئے کے کاروبار کو ریگولیٹ کرنے والے گیمبلنگ کمیشن کا کہنا ہے کہ یہ ضروری ہے کہ لوگوں کو مدد اور علاج کیلئے بآسانی رسائی حاصل ہو۔ ایک نوجوان کے والد ین، جس نے جوئے کی لت سے چھٹکارے کی جدوجہد کرتے ہوئے خود کشی کرلی تھی، نے اس اعلان کا خیرمقدم کیا ہے۔ جیک رٹچی نے 17 سال کی عمر میں اپنے ڈنر کے پیسوں سے مقامی بکیز سے جوا کھیلنا شروع کیا تھا۔ اس کے7سال بعد اس نے خودکشی کرلی۔ اس کے والدین لز اورچارلی، جنھوں نے زندگی کے ساتھ جوا کے نام سے ایک چیریٹی قائم کی ہے، کا کہنا ہے کہ جیک کو درپیش صورت حال کی سنگینی کو محسوس نہیں کیا گیا۔ انھوں نے کہا کہ ان کے بیٹے نے جوئے کی عادت ابتدا میں ایک تفریح کے طورپر اختیار کی تھی لیکن جلد ہی یہ عادت اس کے قابو سے باہر ہوگئی لیکن آخر میں وہ سمجھ رہا تھا کہ اس عادت نے اس پر کنٹرول کرلیا ہے۔ لز اور چارلی نے نوجوانوں کیلئے کلینک کے قیام کی خبر کا خیرمقدم کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ یہ ایک اچھی اور شاندار بات ہے اور اگر جیک کو وہاں بھیج دیا جاتا تو شاید اس کی جان بچ جاتی لیکن بنیادی دیکھ بھال بہت اہمیت رکھتی ہے۔ جیک خود اپنے جی پی کے پاس گیا تھا لیکن اسے نہیں معلوم تھا کہ اسے ریفر کیا جانا چاہئے، اس لئے ہمیں تمام جی پیز کو مناسب تربیت دینے کی ضرورت ہے۔