تہکال میں سابقہ دشمنی کی بناء پر گھر پر دستی بم حملہ

June 26, 2019

پشاور(کرائم رپورٹر) پشاور کے علاقہ تہکال پلوسئی میں سابقہ دشمنی کی بناء پرطارق ولد محمد قاسم کے مکان پر دستی بم حملے کے نتیجہ میں 2 دنبے زخمی ہوگئے جبکہ مکان کو بھی جزوی نقصان پہنچا تاہم دھماکہ میں اہل خانہ محفوظ رہیں، ملزمان واردات کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، پولیس نے مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔طارق ولد محمد قاسم ساکن پلوسئی اتوزئی نے رپورٹ درج کراتے ہوئے تہکال پولیس کو بتایا کہ گزشتہ شب میں اور گھر کے دیگر افراد اپنے اپنے کمروں میں محو خواب تھے کہ اس دوران گھر کے صحن میں زوردار دھماکہ کی آواز پر بیدار ہوگئے، دھماکہ کے نتیجہ میں گھر میں کھڑے دو دنبے زخمی ہوگئے تھے جبکہ دیگر اہل خان محفوظ رہیں۔ طارق کے مطابق اُن کے ملزمان نیاز ولد عمرخان، جمشید، جاوید پسران مثل خان (مرحوم) کے ساتھ سابقہ دشمنی چلی آرہی ہے اور مذکورہ دھماکہ بھی انہوں نے کیا ہے جو واردات کے بعد فرار ہوگئے۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔