پشاور میں سی این جی 140 روپے کلو ہوگئی

July 01, 2019

پشاور میں سی این جی کی قیمتوں میں 22 روپے اضافے کے بعد سے سی این جی فی کلو 140 روپے ہو گئی ہے، حکومت کی جانب سے سی این جی کی قیمتوں میں اضافے سے عوام اور سی این جی اسٹیشن مالکان دونوں پریشان ہیں۔

پشاور میں سرکاری سطح پر سی این جی کی قیمتوں میں اضافے کے بعد اب سی این جی فی کلو 140 روپے میں فروخت ہونے لگی ہے، سی این جی استعمال کرنے والے ڈرائیوروں کا کہنا ہے کہ سی این جی کی قیمت میں اضافے سے ان کے منہ سے نوالہ چھینا جارہا ہے جو کہ سراسر زیادتی ہے۔

ڈرائیوروں کا کہنا تھا کہ غریب شہری سی این جی بطور ایندھن استعمال کرتے تھے تاہم اب یہ بھی دسترس سے باہر ہو گئی ہے۔

سی این جی ایسوسی ایشن کے صدر فضل مقیم کا کہنا ہے کہ صوبے میں تقریباً 600 کے قریب سی این جی اسٹیشنز ہیں، قیمتوں میں اضافے سے سی این جی مالکان کا کاروبار شدید متاثر ہو گا۔

ان کا کہنا تھا کہ کل سے حکومتی فیصلے کے خلاف احتجاج کیا جائے گا، پہلے مرحلے میں سی این جی اسٹیشنز کے باہر بینرز آویزاں کیے جائیں گے۔