ایک سے بڑھ کر ایک سلاد

July 07, 2019

شاید ہی کوئی فرد ایسا ہو، جسے کھانے کے ساتھ سلاد پسند نہ ہو۔ سلاد کا استعمال ہر موسم میں مفید ہے کہ یہ نہ صرف کھانا جلد ہضم کرتا ہے، بلکہ وزن بھی نہیں بڑھنے دیتا۔ بہرحال، پہلے سادہ سا سلاد عام تھا، لیکن اب تو بے شمار اقسام کی تراکیب موجود ہیں۔تو لیجیے، اس بار ہماری جانب سے پیش کردہ تراکیب میں سے کوئی بھی ترکیب منتخب کرکے مزے دار سلاد بنائیں۔

مینگو میکرونی سلاد

اجزاء: آم(کیوبز میں کاٹ لیں)دو کپ،فروزن کینو آدھا کپ، ادرک کا عرق آدھا چائے کا چمچ، میکرونیز(اُبال لیں)ایک کپ، انار دو کھانے کے چمچ،سیاہ مرچ پاؤڈر چائے کا ایک چمچ اور مکھانے(بُھنے ہوئے)آدھا کپ۔

ترکیب: ایک پیالے میں آم کے کیوبزاورمیکرونیز مکس کرلیں۔ اب اس میں تمام اجزاءشامل کرکے فریج میں تقریباً 2گھنٹے کے لیے رکھ دیں۔مزے دار مینگو میکرونی سلاد تیار ہے۔

براؤن رائس سلاد

اجزاء:براؤ ن چاول آدھا کپ، نمک حسبِ ذائقہ، سبز پیاز(کاٹ لیں)تین عدد،ہری مرچیں (باریک کاٹ لیں) دو عدد، کاجو (کاٹ لیں) کشمش حسبِ ضرورت اور سویا ساس چھے کھانے کے چمچ۔

ترکیب:ایک پتیلی میں پانی لیں اور حسبِ ذائقہ نمک ڈال کے ایک اُبال آنے دیں، پھر اس میں چاول ڈال کر اُبال لیں۔ پانی نتھار کر ایک پیالے میں اُبلے ہوئے چاول ڈال کےٹھنڈا ہونے پر تمام اجزاء شامل کرلیں۔

فروٹ سلاد

اجزاء:کیلے چار عدد،خربوزہ ایک عدد، اسٹرابیری چھے سے آٹھ عدد، دہی ایک چوتھائی کپ،شہد دو چائے کے چمچ اور دار چینی پاؤڈرآدھا چائے کا چمچ۔

ترکیب:ایک پیالے میں تمام پھل چھوٹے کیوبز میں کاٹ لیں۔اب اس میں دیگر اجزاء مکس کرکے ٹھنڈا ہونے کے لیے رکھ دیں۔چاہیں تواس میں دو چمچ فریش کریم بھی مکس کرسکتے ہیں۔

رشین سلاد

اجزاء:بند گوبھی دو کپ، سیب ایک عدد،تازہ کریم آدھا کپ، کشمش ایک چوتھائی کپ،نمک حسبِ ذائقہ، سیاہ مرچ پاؤڈر ایک کھانے کا چمچ، آلو (اُبال کر کیوبز میں کاٹ لیں)ایک عدد،انڈے(اُبال کر چھوٹے ٹکڑے کرلیں)دو عدد اور شہد ایک کھانے کا چمچ۔

ترکیب:گوبھی اور سیب باریک چوپ کرلیں،پھراس میں باقی اجزاء ڈال کر اچھی طرح مکس کرکے ٹھنڈا ہونے کے لیے فریج میں رکھ دیں۔

(فائزہ علی، لاہور)