’کرینہ اور میں ایک ساتھ بہت برے لگتے تھے‘

July 05, 2019

بالی ووڈ کے معروف اداکار شاہد کپور نے اپنی اور کرینہ کی ایک پرانی تصویر مداحوں کے ساتھ شیئر کرتے ہوئے کہا کہ ’کرینہ اور میں ایک ساتھ بہت برے لگتے تھے۔‘

بالی ووڈ کی بے بو کے نام سے مشہور اداکارہ کرینہ کپور نے اپنے فلمی کیرئیر کا آغاز 2000 میں فلم ’ریفیوجی‘ سے کیا، کرینہ کے بالی ووڈ میں قدم رکھنے کے 3 سال بعد شاہد کپور نے فلم ’عشق وشق‘ سے بالی ووڈ میں ڈیبیو کیا اور راتوں رات اسٹار بن گئے۔

شاہد کپور کے اسٹار بننے کی دیر تھی کہ بالی ووڈ میں اُن کی اور کرینہ کی دوستی کے چرچے ہونے لگے، جس کے بعد 2004 میں کرینہ اور شاہد کی پہلی فلم ’فدا‘ ریلیز ہوئی۔ دونوں کی یہ فلم باکس آفس پر اچھا بزنس کرنے میں کامیاب رہی جبکہ کرینہ اور شاہد بھی ایک دوسرے کے دل میں جگہ بنانے میں کافی حد تک کامیاب ہوگئے تھے۔

اگلے دو سالوں میں کرینہ اور شاہد کی مزید دو فلمیں ریلیز ہوئیں ’36 چائنا ٹائون اور چھپ چھپ کے‘ ان دونوں فلموں نے بھی باکس آفس پر ایسا ہی ریکارڈ توڑ بزنس کیا جیسے ان کی پہلی فلم نے کیا تھا۔

Your browser doesnt support HTML5 video.

بے بو اور شاہد کی اگلی فلم ’جب وی میٹ‘ 2007 میں ریلیز ہوئی لیکن بدقسمتی سے ان کی یہ فلم باقی فلموں کی طرح اُن کے رشتے کے لیے اچھی ثابت نہیں ہوئی کیونکہ اس فلم کی ریلیز سے چند مہینے قبل دونوں نے بریک اپ کرلیا۔ یہ خبر جنگل میں آگ کی طرح پھیل گئی۔

شاہد کپور سے بریک اپ کے بعد کرینہ کپور نے 2012 میں اداکار سیف علی خان سے شادی کرلی، ان کا ایک بیٹا تیمور علی خان ہے۔ دوسری جانب شاہد کپور 2015 میں میرا راجپوت کے ساتھ شادی کے بندھن میں بندھ گئے، ان کے دو بچے میشا اور زین ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں شاہد کپور نے کہا کہ ’کرینہ اور میں پہلی دو فلموں میں واقعی ایک ساتھ بہت برے لگتے تھے جبکہ جب وی میٹ اچھی فلم تھی جس کے کردار، کام اور اداکار آج بھی لوگوں کو یاد ہیں۔ ‘