’شکست کی ذمے داری چیف سلیکٹر پر ڈالنا غلط ہے، امام الحق

July 09, 2019

پاکستان کرکٹ ٹیم کے اوپنر امام الحق نے اپنے چچا کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ شکست کی ذمے داری چیف سلیکٹر پر ڈالنا غلط ہے۔

لاہور میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے بیٹسمین بابر اعظم کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے اوپنر امام الحق کا کہنا تھا کہ ورلڈ کپ میں چیف سلیکٹر کے آنے جانے سے پرفارمنس پر فرق نہیں پڑتا، اس لیے شکست کی ذمے داری چیف سلیکٹر پر ڈالنا غلط ہے۔ انہوں نے کہا کہ معلوم نہیں کہ چیف سلیکٹرکا بھتیجا ہونے کا فائدہ ہوا ہے یا نقصان۔

امام الحق نے کہا کہ کرکٹ پر تنقید کریں لیکن ذاتی زندگی پر بات نہ کریں، مجھے ٹیم میں جو رول ملتاہے وہ سوفیصد کرنے کی کوشش کرتا ہوں اور یہ بھی معلوم ہے کہ مجھے اپنا اسٹرائیک ریٹ بہتر کرنے کی ضرورت ہے۔ کوشش کرتاہوں کہ تنقید کا جواب اپنی بہتر پرفارمنس سے دوں۔

اُن کا کہنا تھا کہ ہر میچ کے بعد کھانے پینے اور سونے پر نظر رکھی جائے گی تو پرفارمنس مشکل ہوگی لیکن پاکستان ٹیم نے جس طرح کم بیک کیا وہ پہلے کبھی نہیں ہوا تھا، ہم نے9 میں سے 5 میچ جیتے جبکہ سیمی فائنل میں نہ پہنچنے کا افسوس ہے اور غلطیوں سے سیکھنے کا موقع ملا۔

اس کے علاوہ اُن کا کہنا تھا کہ غیر ملکی دوروں پر سوشل میڈیا سے دور رہتا ہوں، ریلو کٹا کس کو کہا، کس نے کہا، مجھے نہیں پتا۔ انہوں نے کہا کہ اللّٰہ کے سوا میرا مستقبل کوئی نہیں بتاسکتا۔

دوسری جانب دوران پریس کانفرنس بیٹسمین بابراعظم نے کہا کہ جو 15 کھلاڑی ورلڈ کپ کھیلنے گئے ان میں ریلو کٹا کوئی نہیں تھا، ٹیم میں کون ہوگا، اس بات کا فیصلہ کپتان اور کوچ کرتے ہیں، تاہم تمام کھلاڑی اپنی پرفارمنس کی بنیاد پر ٹیم میں شامل ہوئے۔

بابراعظم نے کہا کہ یہ میرا پہلا ورلڈ کپ تھا، اس سےبہت کچھ سیکھا ہے، ورلڈ کپ کے پہلے میچ میں شکست سے کافی فرق پڑا۔ اُن کا کہنا تھا کہ جماہی کسی کو بھی آسکتی ہے لیکن سرفراز احمد کی جماہی لینے پر تنقید ہوئی، بھارت سے ہار جائیں توبھی ہر چیز پر تنقید ہوتی ہے۔

اس کے علاوہ اختتام میں انہوں نے کہا کہ ورلڈ کپ انگلینڈ کو جیتنا چاہیے، وہ بہت اچھا کھیل رہے ہیں۔