امریکی گلو کار و موسیقار فیبولس فینو نے پاکستانی شاعر احسان سہگل کی پانچ نظمیں کمپوز کر کے ریکارڈ کرلی

July 13, 2019

روٹرڈیم ( جنگ نیوز) پاکستان نژاد ڈچ شاعر و ادیب احسان سہگل ہالینڈ اور یورپ کی انگریزی اور اردو ادب کی دنیا میں نمایاں مقام رکھتے ہیں ۔ احسان سہگل کی پانچ انگریزی نظموں کو امریکہ کے ممتاز موسیقار اور گلوکار فیبولس فینو نے کمپوز کر کے گایا اور انہیں ریکارڈ کیا ہے۔ احسان سہگل کا شمار پاکستان کے انگریزی زبان کے ان چند شعراء میں ہوتا ہے جن کا کلام بیرونی دنیا تک پہنچا اور اس کلام کو وہاں سراہا گیا۔ ان کی ادبی خدمات کسی تعارف کی محتاج نہیں ہیں ۔وہ اردو ادب کی دنیا میں ایک ہزار صفحات پر مشتمل کلیات ضرب سخن اور علم عروض کے حوالے سے ایک مقام رکھتے ہیں۔ اردو کے علاوہ انگریزی شاعری اور اقوال کے حوالے سے بھی وہ مغربی ادبی دنیا میں اپنا رنگ جما چکے ہیں ۔ انگریزی زیان میں ان کی شاعری کے دو مجموعے اور جبکہ اقوال پر مبنی ایک کتاب ہالینڈ سے شائع ہو چکی ہے۔ ان کے اقوال کا ڈچ زبان میں بھی ترجمہ ہوا ہے۔ امریکی گلوکار و موسیقار فینو شکاگو سے گریجویٹ ہیں اور وہ رنگنگ برادرز کے سابق ممبر ہیں۔ امریکہ اور یورپ میں ان کے فن کی مداحوں کی بڑی تعداد ہے۔ احسان سہگل نے کراچی میں بھی ادبی دنیا میں نام کمایا۔