نشوا کے والد کو انہی کے وکیل نے نوٹس بھیج دیا

July 13, 2019

کراچی کے علاقے گلستان جوہر کے نجی اسپتال میں مبینہ غلط انجکشن سے شیر خوار نشوا کی ہلاکت سے متعلق کیس میں نشوا کے والد کے وکیل نے اپنے ہی مؤکل قیصر علی کو ہرجانے کا نوٹس بھیج دیا۔

وکیل منیر احمد کا کہنا ہے کہ نشوا کے والد نے وکلاء کے بغیر اسپتال انتظامیہ سے معاہدہ کیا، قیصر علی نے عدالت سے باہر معاہدہ کر کے پورے معاشرے کو مایوس کیا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ قیصر علی نے اسپتال انتظامیہ سے ملاقاتوں اور بات چیت کو وکلاء سے بھی خفیہ رکھا، جب کوئی خفیہ ڈیل نہیں کی تو بات چیت کیوں خفیہ رکھی گئی۔

وکیل نے دعویٰ کیا کہ قیصر علی نے ملزمان کو رہائی دلانے کے لیے اسپتال انتظامیہ کا ساتھ دیا، نشوا کے والد کے دباؤ میں پولیس نے قتل کی دفعات درج کیں اور پھر انہی دفعات کو ختم کرانے کے لیے نشوا کے والد نے وکلاء پر دباؤ ڈالا۔

ان کا کہنا تھا کہ اسپتال کو موت بیچنے کا لائسنس قیصر علی کی مدد سے دوبارہ جاری ہوا ہے۔