یونیورسٹی کے اوپن ڈے میں شرکت کیلئے ٹرین کاٹکٹ مفت

July 14, 2019

لندن (پی اے) ریلوے کی ایک کمپنی نے یونیورسٹی کے اوپن ڈے میں شرکت کرنے والے طلبہ کو مفت ٹکٹ دینے کی پیشکش کی ہے۔ ویسٹ مڈلینڈز ریلوے نے ورسسٹر یونیورسٹی جانے والے طلبہ کو مفت سفر کی سہولت دینے کا اعلان کیا ہے۔ یہ اعلان اس انتباہ کے بعد کیا گیا ہے، جس میں کہا گیا تھا کہ پسماندہ فیملیز بھاری کرائے کے سبب اوپن ڈے میں شریک نہیں ہوپاتیں۔ کنگز کالج لندن کے سوشل موبلیٹی کی ڈائریکٹر این میری کیننگ کا کہنا ہے کہ ریل کے کرائے یونیورسٹی تک رسائی میں اضافے کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہیں۔ ویسٹ مڈلینڈز ریلوے کے جان حارث نے کہا ہے کہ طلبہ کیلئے پائلٹ سکیم ریل کا سفر ہر ایک کی پہنچ کے مطابق بنانے کے عزم کا ایک حصہ ہے، طلبہ ستمبر میں ہونے والے اوپن ڈے کے مفت ٹکٹ کیلئے یونیورسٹی میں رجسٹریشن کرا سکتے ہیں، یہ مفت ٹکٹ ویسٹ مڈلینڈز ریلوے اور لندن نارتھ ویسٹرن ریلوے سروسز میں استعمال کئے جاسکیں گے۔ اوپن ڈے کے دوران طلبہ اساتذہ سے نصاب کے بارے میں معلومات حاصل کرتے ہیں اور رہائش کا انتظام کرتے ہیں، حالیہ ہفتوں کے دوران ہزاروں فیملیز اوپن ڈے میں شرکت کریں گی۔ بی بی سی کا کہنا ہے کہ اوپن ڈے میں شرکت پر اخراجات یونیورسٹی کیلئے درخواستیں دینے والوں کی تعداد میں نمایاں کمی ہوتی ہے، طویل فاصلے سے ریل کے ٹکٹ 100 سے 200 پونڈ تک کے ہوتے ہیں جبکہ طلبہ کو کئی یونیورسٹیاں دیکھنا ہوتی ہیں جو کہ ان کی سکت سے باہر ہوتا ہے۔ کیننگ کا کہنا ہے کہ پسماندہ علاقوں کی فیملیز سے یونیورسٹی کی راہ میں رکاوٹ کے حوالے سے ان کی بات چیت سے یہ ظاہر ہوا کہ اوپن ڈے میں شرکت کیلئے ٹرین کے ٹکٹ والدین کیلئے سب سے بڑی پریشانی کا سبب ہوتے ہیں اور غریب طلبہ صرف ان ہی یونیورسٹیوں میں داخلے کی درخواست دیتے ہیں، جن کے اوپن ڈے میں وہ پہنچنے کی سکت رکھتے ہیں۔