تاجروں نے ہڑتال مسترد کرکے حب الوطنی کا ثبوت دیا،حماد اظہر

July 14, 2019

کراچی(جنگ نیوز، خبر ایجنسی)وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور حماد اظہر نے کہاہےکہ تاجروں کی بڑی تعداد نے ہڑتال کی کال رد کرکے حب الوطنی کا ثبوت دیا ہے لیکن ہم تاجروں کے تمام خدشات دور کریں گے، پرچون فروش ملکی جی ڈی پی میں 20 فیصد کے شراکت دار ہیں تاہم پرچون فروشوں کا ٹیکس میں حصہ صرف 0.25فیصد ہے، اس حقیقت کو تبدیل کیے بغیر ملکی معیشت ٹھیک نہیں ہوسکتی۔اپنے رد عمل میں حماد اظہر نے پاکستان بھر میں کی جانے والی تاجروں کی ہڑتال کا بائیکاٹ کرنے اور پاکستان کا ٹیکس کلچر تبدیل کرنے میں حکومت کا ساتھ دینے والے تاجروں کو سراہا۔انہوں نے بتایا کہ کاروبار کی ڈاکو منٹیشن کیلئے حکومت تاجر تنظیموں سے رابطے میں ہے۔تاجر برادری کی بڑی تعداد نے ہڑتال کی کال کو رد کر کے محب وطنی کا ثبوت دیا، بات چیت سے تمام خدشات دور کریں گے۔