آمریت کی حمایت یافتہ حکومتوں نے معاشرے کو نقصان پہنچایا، پی پی رہنما

July 16, 2019

بریڈفورڈ(نمائندہ جنگ) آمریت اور اس کی حمایت یافتہ حکومتوں نے ہمیشہ معاشرےاور معیشت کونقصان پہنچایا جبکہ شہیدبھٹو نے قوم کو با اختیار بنایا، استحصالی گروہ کی سازشوں نے شہید بھٹو کی حکومت کا خاتمہ کیا، پیپلز پارٹی قیادت و کارکنان پر مظالم کے پہاڑ توڑے گئے، بھٹو نے تاریخ کےہاتھوں قتل ہونے کے بجائے پھانسی کا پھندا چومنے کو ترجیح دی، ان خیالات کا اظہار پیپلز پارٹی کے رہنمائوں نے پاکستان پیپلز پارٹی بریڈفورڈ کے تحت یوم سیاہ کی ایک تقریب میں کیا۔ آصف نسیم راٹھور کی صدارت میں ہونے والی تقریب میں آزادکشمیر اسمبلی کی سابق وزیرفرزانہ یعقوب اور سابق مشیر حکومت آزاد کشمیر شوکت راجہ مہمان خصوصی تھے اس موقع پر پیپلز پارٹی کی ایوارڈ کمیٹی کی جانب سے پاکستان سے آئی ہوئی سابق وزیر آزاد کشمیر فرزانہ یعقوب کو بھٹو شہید ایوارڈ سے نوازا گیا۔ ایوارڈکمیٹی اور پی پی پی کے مرکزی اور سینئر رہنما سردار عبدالرحمان خان، علامہ قاری محمد عباس صدر مذہبی امور پی پی پی برطانیہ، راجہ اے ڈی خان نائب صدرپی پی پی برطانیہ، چوہدری کرامت حسین سینئر نائب صدر مذہبی امور پی پی پی برطانیہ، سابق وزیر ٹرانسپورٹ آزاد کشمیر راجہ شوکت خالق ایڈووکیٹ، راجہ شیراز خان، چوہدری عبدالقیوم نائب صدر پی پی پی برطانیہ، چوہدری صغیر احمد پوٹھی صدر پی پی پی یارکشائر،چوہدری یعقوب حسین صدر پی پی پی لیڈز برانچ، چوہدری عبدالقیوم ماموں نائب صدر پی پی پی بریڈفورڈ، چوہدری افتخار حسین سینئر نائب صدر پی پی پی یارکشائر، لالہ علی اکبر سیکرٹری جنرل پی پی پی ہالی فیکس، فرخ بشیر صدر پی پی پی ٹریڈ ونگ برطانیہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔ رہنماوں نے کہا کہ بھٹو کی دشمنی میں ملک کو کئی صدیاں پیچھے دھکیل دیا گیا، شہید ذوالفقار علی بھٹو نے ملک کو سوشلزم کا نعرہ دیا، ملک میں لولی لنگڑی جمہوریت شہید ذوالفقار علی بھٹو اور بے نظیر بھٹو کی قربانیوں کی مرہون منت ہے آج بھی جمہوریت کے نام پر قوم پر آمریت مسلط کر دی گئی ہے، سیاسی قیادتوں کو پابند سلاسل کر کے عوامی حقوق پر ڈاکہ ڈالا جا رہا ہے احتساب کے نام پر ان کا استحصال اور عوام کو بدترین مہنگائی سے روٹی کپڑا اور مکان چھین لیا گیا، سیاسی قیادتوں نے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جبکہ موجودہ حکومت نے ایک بار پھر ملک کو کئی سال پیچھے دھکیل کر ملک دشمنی کی انتہا کر دی ہے ۔