قربانی مکمل عبادت،نمود و نمائش کا عمل قابل مذمت ہے،مفتی محمد نعیم

July 16, 2019

کراچی(پ ر)جامعہ بنوریہ عالمیہ کے مہتمم وشیخ الحدیث مفتی محمدنعیم نے کہا ہےکہ جانچ پڑتال کے بعد قربانی کے جانور خریدے اور بیچے جائیں،ریاکاری عبادات کو باطل کردیتی ہے، قربانی مکمل عبادت ہے نمود ونمائش کا عمل اور مذاق بنانے والے قابل مذمت ہیں ، ایسے لوگوں کو اپنے ایمان کی فکرکرنی چاہیے ، دھوکہ دہی کرنے والے تاجروں کو اپنی صفوں سے نکالیں ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے مختلف تاجروں کے نمائندہ وفد سے ملاقات کرتے ہوئے کیااس موقع پر تاجروں نے اپنے مسائل سے آگاہ کیا اور قربانی کے جانوروں کے حوالے سے شرعی احکام معلوم کیے۔ مفتی محمدنعیم نے کہاکہ عید میں خوں بہا اللہ کیلئے ہونا چاہیے نام نمود کا عنصر اگر شامل ہوا تو قربانی نہیں ہوتی ہے ،ہر سال کچھ تاجرقربانی کے جانوروں کی فروخت زیادہ سے زیادہ کمائی کیلئے جانوروں کو نام ماڈلز اور اداکاروں کے رکھتے ہیں اور بعض جانوروں کو قربانی کے قابل بتلانے کیلئے مصنوعی دانت لگاتے ہیں یہ بالکل غیر شرعی ، غیر اخلاقی عمل ہے جو انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت ہے ۔