قانون کی بالا دستی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے،یونس زہری

July 16, 2019

کوئٹہ (خ ن)مجلس قائمہ کمیٹی برائے زراعت و کو آپریٹو سوسائٹی ، لائیواسٹاک ڈیری ڈیو یلپمنٹ ، ماہی گیری و خوراک کا اجلاس کمیٹی چیئرمین یونس عزیز زہری کی صدارت میںہوا۔ جس میں کمیٹی کے ممبران مٹھان خان کاکڑ ، نصیر احمد شاہوانی ، زمرک خان اچکزئی ، شکیلہ نوید ، لالا رشید بلوچ ، متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز اور دیگر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں ممبران نے محکمہ زراعت محکمہ لائیو اسٹاک اور محکمہ ماہی گیری کودر پیش مسائل پر غور و خوص کیا ۔ اس موقع پر محکمہ زراعت میں مسائل کی نشاندہی کرتے ہوئے چیئرمین نے کہا کہ محکمہ میں قانون کے مطابق اقدامات کر نا حکام بالا کی آئینی ذمہ داری ہے، اپنی ذمہ داری سے روگردانی کرنا عوام اور صوبے کے ساتھ ناانصافی کے مترادف ہوگا ۔ اس لیے عوام کی خدمت کو ذمہ داری سمجھتے ہوئے افسران کو اخلاص اور محنت سے کام کرکے صوبے کی ترقی میں کردار ادا کرنا چاہیئے ۔سیکرٹری زراعت نے چیئرمین او رکمیٹی کے تحفظات جلد دور کرنے کی یقینی دہانی کرائی ۔ ایجنڈے کے مطابق چیئرمین نے سیکرٹری محکمہ لائیو اسٹاک کو بھی جلد محکمانہ مسائل حل کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ سینئر افسران کا محکمے اور صوبے کی ترقی میں اہم کردار ہوتا ہے اس لئے ان کو اپنے جونیئرز کے ساتھ مثبت رویہ رکھنے کی اشد ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک اور صوبے قانون سے چلتے ہیں اس لیئے ہم قانون کی بالا دستی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے ۔