انسدادڈینگی مہم کوتیز کرنے اورلارواتلف کرنے کی ہدایت

July 17, 2019

لاہور(جنرل رپورٹر) چیف سیکرٹری پنجاب یوسف نسیم کھوکھر نے ہدایت کی ہے کہ موسم کی غیر یقینی صورتحال کے پیش نظر صوبہ میں انسداد ڈینگی سرگرمیوں کو تیز کیا جائے او ر لاروا تلف کرنے کیلئے خصوصی اقدامات کئے جائیں۔ وہ سول سیکرٹریٹ میں انسداد ڈینگی کے حوالے سے ڈویژنل کمشنرز کے ویڈیو لنک اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف سیکرٹری نے کہا کہ انسداد ڈینگی کے حوالے سے مانیٹرنگ، سرویلنس اوررپورٹنگ کے عمل کوبہتر بنایا جائے، اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ڈینگی کے حوالے سے جاری گائیڈلائینز پر عملدرآمد کی نگرانی کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی جائیں ۔ انہوں نے ڈویژنل کمشنرز کو حکم دیا کہ ضلع اور تحصیل کی سطح پر انسداد ڈینگی سرگرمیوں کا جائزہ لینے کیلئے ہفتہ وار اجلاس منعقد کئے جائیں اور انکی رپورٹ باقاعدگی سے بھجوائی جائے ۔چیف سیکرٹری نے بے نامی جائیدادوں کی نشاندہی، پرائس کنٹرول اور پولیو کے خاتمے کیلئے اقدامات سے متعلق بھی ضروری ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے ڈویژنل کمشنرز کو حکم دیا کہ بے نامی جائیدادوں کی نشاندہی کیلئے متعلقہ محکموں کو مکمل تعاون فراہم کیا جائے۔ سیکرٹری پرائمری صحت زاہد اختر زمان نے اجلاس کو بتایا کہ جنوری سے اب تک پنجاب میں ڈینگی کے 33کیس رپورٹ ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ زیادہ کیسز لاہور، فیصل آباد راولپنڈی اور گوجرانوالہ میں رپورٹ ہوئے ہیں۔