ایس ای سی پی نے چھاپے مارنے کے قوانین جاری کر دیئے

July 18, 2019

سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن پاکستان (ایس ای سی پی) نے گھروں اور دفاتر پر چھاپے مارنے کے قوانین جاری کر دیئے، جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

ایس ای سی پی کی جانب سے جاری کیے گئے نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ایس ای سی پی چھاپہ مارتے وقت مقامی پولیس کو ساتھ رکھے گا۔

نوٹیفکیشن میں چھاپے سے قبل مقامی مجسٹریٹ سے اجازت لینا لازمی قرار دیا گیا ہے جبکہ کہا گیا ہے کہ چھاپے کے دوران قبضے میں لی گئی اشیاء اور کاغذات کی فہرست تیار کی جائے گی۔

جاری کیے گئے نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ یہ فہرست ایس ای سی پی کے علاقائی دفاتر اور ملزم کو بھی دی جائے گی، ایس ای سی پی الیکٹرونکس اشیاء کو قبضے میں لینے کا اختیار رکھتا ہے۔

نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ انکوائری افسر کے علاوہ ایس ای سی پی کے مزید 2 افراد گواہی کے لیے موقع پر موجود ہوں گے، ایس ای سی پی کسی عمارت میں داخل ہونے کے لیے کھڑکی اور دروازہ توڑ سکتا ہے۔

نوٹیفکیشن میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ چھاپے کے وقت ضبط کی گئی اشیاء غیر ضروری ہونے کی صورت میں مالکان کو واپس کرنی ہوں گی۔