شاہد خاقان کی گرفتاری پر مرتضی وہاب کی مذمت

July 18, 2019

مشیر اطلاعات سندھ مرتضی وہاب کا کہنا ہے کہ ایل این جی کیس میں شاہد خاقان عباسی کو گرفتار کرنے کا عمل انتہائی قابل مذمت ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا کہ ہم شاہد خاقان عباسی کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہیں اور جب تک عدالت سے جرم ثابت نہیں ہوتا سیاسی حریفوں کو گرفتار کرنے کا عمل بھی قابل مذمت ہے۔

مرتضی وہاب نے کہا کہ پی ٹی آئی رہنماؤں کی جانب سے اشتعال دلانا قانون کے خلاف ہے۔ بنی گالا سے اجازت ملنے پر گرفتاریاں عمل میں لائی جاتی ہیں۔ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کے رہنماؤں کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔

اُن کا کہنا ہے کہ آصف علی زرداری، فریال تالپور اور شاہد خاقان کے خلاف کوئی جرم ہے تو بتایا جائے۔ نیب اور وفاقی حکومت کو سوچنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ کل بعد نماز جمعہ نرسز کے مطالبات کا نوٹیفکیشن جاری کردیا جائے گا۔